اسٹاک مارکیٹ: 836.57 پوائنٹس کی تیزی، حصص مالیت میں 110 ارب کا اضافہ

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز زبردست تیزی رہی، 836.57 پوائنٹس کی تیزی کے بعد انڈیکس 10 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ حصص کی مالیت 110 ارب روپے سے زائد بڑھ گئی، کاروباری حجم 30 ماہ کی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل جاری ہے، رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز حصص مارکیٹ میں 836 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، تیزی کے باعث مزید 9 حدیں بحال ہو گئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 39300، 39400، 39500، 39600، 39700، 39800، 39900، 40000، 40100 کی حدیں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز بھی زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، تیزی کے باعث انڈیکس 581.38 پوائنٹس کے بعد 39287.65 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا، حصص کی مالیت میں 109 ارب سے زائد کا فائدہ ہوا تھا۔
اسی کا تسلسل آج بھی دیکھنے کو ملا، پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا آغاز ہی مثبت انداز میں ہوا، ایک موقع پر انڈیکس 40144.12 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ تسلسل نہ رہ سکا۔کاروبار کے اختتام پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 836 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 40124.22 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کاروبار میں 2.08 فیصد بہتری دیکھی گئی۔ حصص کی مالیت میں 110 ارب روپے سے زائد بڑھ گئی، کاروباری حجم 30 ماہ کی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔ کاروباری حجم 29 فیصد اضافے سے 557 ملین شیئرز ریکارڈ کیا گیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی سب سے بڑی وجہ اسٹاک مارکیٹ کا چینی کمپنی کے ساتھ معاہدہ بتایا جا رہا ہے، سیاسی حالات میں غیر یقینی کے خاتمے اور موڈیز سمیت بین الاقوامی اداروں کی طرف سے حصص مارکیٹ کے حوالے سے بہترین خبروں کے باعث انویسٹرز زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ امکان یہی ہے کہ رواں ہفتے یہ تسلسل برقرار رہے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *