پاکستان کی ورلڈ کپ میں پہلی فتح، انگلینڈ کو 14رنز سے شکست

ناٹنگھم: (پاکستان فوکس آن لائن) ورلڈکپ2019 کے چھٹے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 14 رنز سے ہرا دیا، پاکستان کے 349 رنز ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم روٹ اور بٹلر کی سینچریوں کے باوجود 9 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز ہی بنا سکی۔
گیارہ میچز کی لگاتار ناکامیوں کا سلسلہ ختم کرنے کی آس لئے سرفراز الیون نے ہدف کے دفاع کا آغاز بہترین طریقے سے کیا، قومی ٹیم کو پہلی کامیابی دوسرے ہی اوور میں حاصل ہوئی جب جیسن روئے 8 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد جو رووٹ اور بیرسٹرو نے انگلینڈ کی اننگز کو سنبھالا دیا اور دوسری وکٹ کے لئے 48 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم دونوں کھلاڑیوں کا ساتھ زیادہ دیر نہ چل سکا اور وہاب ریاض نے بیرسٹرو کو آوٹ کر دیا جنہوں نے 32 رنز بنائے۔انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو رووٹ کریز ٹیم کو سنبھالا دینے کی غرض سے کریز پر آئے مگر ان کا سفر زیادہ طویل ثابت نہیں ہو سکا اور کپتان مورگن محمد حفیظ کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے والے بین اسٹوکس، جو روٹ کا ساتھ دینے آئے تاہم زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور شعیب ملک کے ہاتھوں 13 رنز کے انفرادی اسکور پر آوٹ ہو گئے۔جو روٹ نے عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے 104 گیندوں پر 107 رنز بنائے مگر وہ ٹیم کو میچ میں کامیابی نہ دلوا سکے، انہیں شاداب خان نے آؤٹ کیا۔
رووٹ کی شاندار سینچری کے بعد میچ میں جیت دلوانے کی ذمہ داری بٹلر کے کندھوں پر آ پڑی جنہوں نے میدان کے چاروں طرف چوکوں اور چھکوں کی بارش کر دی اور 76 گیندوں پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی۔پاکستان کو اس اہم موقع پر ایک وکٹ کی ضرورت تھی تاکہ رنز کا بہتے ہوئے بہاؤ کو روکا جا سکے، اس موقع پر کپتان سرفراز نے تجربہ کار گیند باز محمد عامر کو بال تھمائی جنہوں نے بٹلر کی وکٹ لے کر پاکستان کی جیت کی امید کو زندہ کر دیا۔بٹلر کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کا کوئی لیٹ آرڈر بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکا اور یکے بعد دیگرے ایک ایک کھلاڑی آؤٹ ہوتے گئے، وہاب ریاض نے لگاتار دو وکٹیں لے کر معین علی اور کرس ووکس کو پولین کی راہ دکھائی۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے تین جبکہ محمد عامر اورشاداب خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شعیب ملک اور محمد حفیظ نے بھی ایک ایک انگلش کھلاڑی کو پولین کی راہ دکھائی۔میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے پر محمد حفیظ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں یہ پاکستان کی پہلی کامیابی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *