کورونا کیخلاف ڈاکٹرز اوراسٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں،وزیراعظم

وزیراعظم سے انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد کی ملاقات، کورونا کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)وزیر اعظم عمران خان سے انصاف ڈاکٹرز فورم (آئی ڈی ایف) کے وفد نے ملاقات کی، جس دوران کورونا کی صورتحال اور روک تھام کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آئی ڈی ایف کے وفد نے ملاقات کی ۔ دوران ملاقات ملک میں کورونا کی صورتحال، روک تھام کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی اور اس حوالے سے ملکی ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر سٹاف کے کردار پر بات چیت کی گئی۔صحت کے شعبے میں موجودہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،آئی ڈی ایف نے موجودہ حکومت کی جانب سے اصلاحات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں ، پوری قوم ان کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، ماضی میں ہیلتھ سیکٹر کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولیات تک رسائی میں مشکلات درپیش ہیں، موجودہ حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں، ان اصلاحات کا مقصد عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی اور نظام میں موجود خامیوں کی اصلاح ہے۔آئی ڈی ایف کی جانب سے وزیرستان میں ہسپتال کے قیام کی تجویز دی گئی ،تاہم وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لئے قائم ٹاسک فورس اس تجویز پر غور کرے گی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *