بین ڈنک کی تباہ کن بلے بازی نے لاہور قلندرز کو فتح دلا دی، شائقین کی دھمالیں

پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کراچی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں ایلکس ہیلز کی شاندار بلے بازی کی بدولت 187 رنز بنائے۔لاہور قلندرز نے 188 رنز کا ہدف8 وکٹوں کے نقصان پر19 ویں اوورز میں پورا کرلیا۔
کنگز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور اس کے اوپنر شرجیل خان تیسرے اوور میں 10 کے مجموعی اسکور پر 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ان کے بعد بابر اعظم اور ایلکس ہیلز نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا۔
ہدف کے تعاقب میں قلندرز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور اس کے اوپنر فخر زمان پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ان کے بعد آنے والے سینیئر بلے باز محمد حفیظ بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 24 گیندوں پر 16 رنز بناکر عمر خان کا شکار ہوگئے۔ان کے بعد کپتان سہیل اختر اور بین ڈنک نے جارحانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور 140 رنز کی قیمتی شراکت سے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا۔ بین ڈنک نے ایک بار پھر دھواں دھار اننگز کھیلتے ہوئے 40 گیندوں پر 99 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 12 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔کپتان سہیل اختر نے بھی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 46 گیندوں پر 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں رواں ایڈیشن میں پہلی بار مدمقابل تھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *