پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 636 پوائنٹس کی زبردست تیزی

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے دن ایک روز کی بدترین مندی کے بعد زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے۔ 100 انڈیکس 636.80 پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ سرمایہ کاروں کو ایک کھرب سے زائد کا فائدہ ہوا۔تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی دیکھی گئی تھی، انڈیکس 1160.72 پوائنٹس گر گیا تھا اور 100 انڈیکس 37058.95 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ بند ہوا تھا جبکہ سرمایہ کاروں کے 180 ارب روپے ڈوب گئے تھے۔
آج پورے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہوا، ایک موقع پر انڈیکس 36913.69 پوائنٹس کی نچلی ترین سطح جبکہ 37734.75 پوائنٹس کی بلند سطح پر دیکھا گیا۔آج کاروبار کا اختتام 636.80 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 37695.75 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ تیزی کے سبب سرمایہ کاروں کو ایک کھرب سے زائد کا فائدہ ہوا۔تیزی کے سبب اسٹاک مارکیٹ میں پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.69 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 22 کروڑ 59 لاکھ 39 ہزار 560 شیئرز کا لین دین ہوا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی سب سے بڑی وجہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں زبردست کمی ہے، تیل کی قیمتوں میں کمی سے مستقبل قریب میں عوام کو اور تیل پر منحصر صنعتوں کو بھی فائدہ حاصل ہوگا۔ماہرین کے مطابق پاکستان میں 13 سے 14 ارب ڈالرز کا تیل اور ایل این جی درآمد کیا جاتا ہے۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں 30 سے 40 فیصد کمی سے ملک کو صرف تیل کی مصنوعات درآمد کرنے پر چار سے پانچ ارب ڈالرز کی بچت ہوگی۔عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں کی گراوٹ کے معیشت پر اثرات کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں کی مد میں بھی دو سے تین ارب ڈالرز یا اس سے زیادہ کی بچت ہو سکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *