پنجاب اور سندھ حکومت نے ’’زندگی تماشا‘‘ کی ریلیز روک دی

لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن)پاکستان کے سب سے بڑے صوبوں پنجاب اور سندھ کی حکومتوں نے فلم ساز سرمد کھوسٹ کی آنے والی فلم ’زندگی تماشا‘ کی ریلیز کو روک دیا۔
پنجاب حکومت نے ہدایتکار اور اداکار سرمد کھوسٹ کی فلم زندگی تماشہ کو ریلیز کرنے سے روک دیا جبکہ انفارمیشن اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ نے حکم نامہ بھی جاری کر دیا۔
انفارمیشن اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ میں کہا گیا کہ فلم کے متعلق عوامی شکایات کے تناظر میں ریویو کا فیصلہ کیا،سرمد کھوسٹ 3فروری کو کسی بھی سینما میں ریویو کے لیے فلم کا شو منعقد کریں۔
یاد رہے کہ ہدایتکار اور اداکار سرمد کھوسٹ کو فلم ریلیز نہ کرنے کیلئے دھمکیاں دی جارہی ہیں جس کے بعد انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے نام ایک کھلے خط میں اپنی آنے والی فلم ” زندگی تماشا” کی ریلیز میں پیش آنے والی رکاوٹوں کی وضاحت کی ۔ سرمد کھوسٹ نے ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا ، “24 جنوری کو ریلیز کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔تاہم ، ادیب ، پروڈیوسر اور میرے خلاف ڈھائی منٹ لمبے ٹریلر سے کی گئی مفروضوں کی بنیاد پر ایک شکایت درج کی گئی ۔انہوں نے مزید کہا ، “قانون کی پاسداری کرنے والے شہری کی حیثیت سے میں یقین دلاتا ہوں کہ فلم میں کوئی ناگوار اور نامناسب مناظر موجود نہیں، شکایت کے جواب میں نے اپنی فلم دوبارہ سنسر بورڈ بھیجی جہاں اس کا ایک بار پھر جائزہ لیا گیا، جہاں کچھ مناظر ہٹا کر فلم کو ریلیز کی اجازت مل گئی، جس کے بعد میں نے اپنی فلم کی تشہیر کا آغاز کردیا لیکن اب فلم کی ریلیز سے محض ایک ہفتہ قبل کچھ گروپس کی جانب سے فلم کی ریلیز کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے اوراس بار وہ دباؤ ڈالنے کےلئے مختلف حربے استعمال کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ فلم ‘زندگی تماشاکی ہدایات سرمد کھوسٹ نے دی ہے جبکہ انہوں نے اپنی بہن کنول کھوسٹ کے ساتھ مل کر اس فلم کو پروڈیوس بھی کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *