ایران کی دھمکیوں کو سنجیدہ نہیں لیتے،ہماری توجہ عراق میں اپنے فوجیوں پر ہے:ٹرمپ

ڈیووس: (پاکستان فوکس آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کی دھمکیوں کو سنجیدہ نہیں لیتے، ہماری توجہ عراق میں اپنے فوجیوں پر ہے،ہم کچھ ایسا کریں گے جو بہت ہی ڈرامائی ہو گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سمیت دنیا بھر کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے ،امریکہ کی بہتری کے لیے مختلف معاشی ڈیل کر رہے ہیں،میں نے جو بھی معاہدے کیے وہ امریکہ کے مفاد میں کیے ۔ان کا کہنا تھا کہ مخالفین مجھے انتخابات میں شکست نہیں دے سکتے،اس لیے مخالفین مواخذے کا سہارا لے رہے ہیں۔
مشرق وسطی میں کشیدگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم کچھ ایسا کریں گے جو بہت ہی ڈرامائی ہو گا،ایران کی دھمکیوں کو سنجیدہ نہیں لیتے ،ہماری توجہ عراق میں اپنے فوجیوں پر ہے ۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے موقع پرامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی جس میں دونوں ممالک کے وفود بھی شریک تھے ۔ پاکستانی وفد میں شاہ محمود قریشی، معید یوسف، زلفی بخاری اور عبدالرزاق داؤد شامل تھے۔ ملاقات کا دورانیہ ایک گھنٹے سے زائد رہا جبکہ ملاقات کے لئے 45 منٹ کا وقت طے کیا گیا تھا۔امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر ہم یقینا مدد کریں گے ہم اس معاملےکو دیکھ رہے ہیں اور امریکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان اور امریکہ مل کر کام کررہے ہیں، افغانستان کے معاملے پر پاکستان اور امریکہ ایک پیج پر ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ معاملات کوئی دوسرا ملک حل نہیں کر سکتا،افغانستان معاملے کا تعلق پاکستان اور امریکہ سے ہے،خوش قسمتی ہے کہ دونوں ممالک اس معاملے پر ایک پیج پر ہیں۔ دونوں ممالک افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *