وزیراعظم کے زیر صدارت اہم اجلاس، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی شریک

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے سینئر ارکان اور قانونی ٹیم کا ہنگامی اجلاس شروع ہوگیا جبکہ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی شریک ہیں۔ذرائع کے مطابق اس اہم اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر سپریم کورٹ کی آج کی سماعت پر مشاورت کی جا رہی ہے۔
قانونی ٹیم وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ اراکین کو سماعت سے متعلق بریفنگ دے گی جبکہ عدالتی اعتراضات پر مشاورت کی جائے گی۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے سینئر وزرا نے ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا حکومت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع صورتحال دیکھ کر کی۔دوسری جانب فروغ نسیم نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں انھیں سپریم کورٹ میں ہونے والے سماعت سے متعلق آگاہ کیا، ملاقات میں اٹارنی جنرل انور منصور بھی موجود تھے۔یاد رہے کہ فروغ نسیم نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سپریم کورٹ میں کیس کی پیروی کرنے کیلئے گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے وکیل و سابق وزیر قانون فروغ نسیم، اٹارنی جنرل انور منصور اور ماہر قانون بابر اعوان سمیت سیکریٹری قانون بھی اجلاس میں موجود ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں سپریم کورٹ کی طرف سے سمری پر اٹھائے گئے اعتراضات پر مشاورت کی جائے گی۔یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ملازمت کی مدت 28 نومبر کی رات 12 بجے پوری ہوجائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *