دہشت گرد حوصلہ پست نہ کر سکے، اسٹاک مارکیٹ میں242.31پوائنٹس کی زبردست تیزی

انڈیکس میں 242.31 پوائنٹس کی تیزی 34 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر بحال

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں دہشتگردوں کی طرف سے حملے بھی سرمایہ کاروں کو پست نہ کر سکے، 100 انڈیکس میں 242.31 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی جس کے بعد 34 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر بحال ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران صبح دس بجے کے قریب دہشتگردوں نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر حملہ کر دیا جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس حملے کو پسپا کر دیا اور چاروں دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا، اس حملے کے دوران ایک پولیس اہلکار سمیت تین سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔ ملک بھر کی سیاسی قیادت کی طرف سے اس حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت کی گئی۔کاروبار کا آغاز جب ہوا اس وقت پہلے ہی گھنٹے کے دوران انڈیکس میں 50 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی تھی، حملہ ہونے کے بعد سرمایہ کاروں نے جرأت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریڈنگ میں بھرپور حصہ لیا جس کے باعث دوپہر بجے تک انڈیکس 150 پوائنٹس بحال ہو گئے تھے۔ٹریڈنگ کے دوران اُتار چڑھاؤ بھی دیکھنے کو ملا، دورانِ ٹریڈنگ ایک موقع پر انڈیکس 33719.51 پوائنٹس کی نچلی ترین سطح پر دیکھا گیا، سرمایہ کاروں نے جب بھرپور دلچسپی دکھائی تو حصص مارکیٹ میں تیزی کی واپسی ہوئی جس کے بعد انڈیکس 242.31 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 34181.80 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
تیزی کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 34 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہوئی اور پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.71 فیصد کی بہتری دیکھی گئی، اسی دوران 9 کروڑ 80 لاکھ 67 ہزار 622 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *