نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم

نواز شریف ملک کا بیڑا غرق کرکے باہر سیرو تفریح کر رہے ہیں، وفاقی کابینہ ارکان

اسلام آباد : (پاکستان فوکس آن لائن)وزیراعظم عمران خان کا وفاقی کابینہ اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران کابینہ ارکان نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ملک کا بیڑا غرق کرکے باہر سیرو تفریح کر رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کااجلاس ہوا۔ وفاقی کابینہ کو شوگر انکوائری رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں مستقبل کے لائحہ عمل اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مزید کارروائی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں این سی سی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی جب کہ ملکی سیاسی، معاشی اور کورونا وائرس کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔وفاقی کابینہ نے شوگر ملوں کے آڈٹ کی منظوری دیدی جس کے تحت 1985 سے اب تک تمام شوگر ملوں کا آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ایف آئی اے اور نیب شوگر ملوں کا آڈٹ کریں گے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی امور اور کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی کابینہ نے وفاقی بجٹ 2020 -21 سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا جبکہ پی آئی اے طیارہ حادثے،تحقیقات اور میتوں کی شناخت کے عمل پر کابینہ کو بریفنگ دی گئی اور وفاقی کابینہ کو ملک بھر میں فصلوں پر ٹڈی دل حملے کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ٹڈی دل حملے پر کابینہ کو این ڈی ایم اے اور حکام وزارت فوڈ سیکیورٹی نے مشترکہ بریفنگ دی۔
وزیر اعظم نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے قائم ٹاسک فورس کی سفارشات جلد از جلد پیش کی جائیں تاکہ اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے مزید کاروائی کی جا سکے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سربراہ کی علاج کی خاطر بیرون ملک جانے کے لیے فراہم کردہ میڈٰیکل رپورٹس پر ایک بار پھر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کے معاملے پر تحقیقات ہونی چاہییں۔ ایسا لگتا ہے نواز شریف جھوٹی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر بیرون ملک گئے ہیں۔ اس پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزرا فواد چوہدری، فیصل واوڈا اور مراد سعید سمیت کابینہ کے اجلاس میں اراکین نے گندم اسکینڈل کی رپورٹ کا فرانزک کروانےاور ذمے داران کو سامنے لانے کا مطالبہ بھی کیا۔ کابینہ نے احتساب کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس موقعے پر وزیراعظم نے مشکل مالی صورت حال کے پیش نظر کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت بھی کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *