مافیا عوام کی راہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کررہا ہے، وزیراعظم

میڈیا پر آکرعمران خان کو کچھ بھی کہو عزت دینے والا اللہ ہے،عمران خان

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) وزیراعظم نے کہا ہے کہ میڈیا پر آکر لوگ عمران خان کو کچھ بھی کہیں لیکن کوئی انسان آپ کوذلیل نہیں کرسکتا کیوں کہ عزت اور رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
نیشنل انکیوبیشن سنٹر اسٹارٹ اپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن اورمافیاز سے تنگ عوام پی ٹی آئی کو اپنا نجات دہندہ سمجھتی ہے، مشکل ترین حالات میں حکومت کی باگ ڈورسنبھالی، ہمارا مقابلہ مافی اسے ہے جو ہر شعبے میں تبدیلی اورعوام کی بہتری کی راہ میں رکاوٹ ہے، اس وقت ہمارا مقابلہ مافیا اور مہنگائی سے ہے، مشکل حالات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، حکومتی کوششوں کے نتیجے میں عوام کو خاطر خواہ ریلیف میسر آئے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نےانسان کو بےپناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، انسان تجربات سے سیکھ کر اور کشتیاں جلا کر ہی آگے بڑھتا ہے، مشکل وقت سے گزر کر کامیاب ہوتا ہے ، ناکامی کا خوف انسان کو بزدل بنا دیتا ہے، زندگی میں خوفزدہ ہونے والوں نے کبھی بڑا کام نہیں کیا، آزاد ذہن ہی نئی سوچ اور نئے راستوں کا تعین کرتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ کامیاب انسان ہر بڑے کام کے آغاز کے پیچھے ایک بہترین آئیڈیا ہوتا ہے، جو شخص ہارنے سے ڈرتا ہے وہ کبھی بڑا آدمی نہیں بن سکتا، میڈیا پر آکر لوگ عمران خان کو کچھ بھی کہیں لیکن کوئی انسان آپ کوذلیل نہیں کرسکتا کیوں کہ عزت اور رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ سرکاری نوکری پنشن کیلئےکرنا چاہتے ہیں، اس طرح لوگ اپنی صلاحیتں ختم کر دیتے ہیں، زندگی میں جب جدوجہد ختم ہوجائے تو آپ کی زندگی ختم ہوجاتی ہے، چیلنجز سے نبردآزما ہونےکے بعد کامیابی آپ کا مقدر بنتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *