کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 5 کے 30 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی کنگز کے خلاف 5 وکٹوں سے فتح کے باوجود سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا تھا جسے کوئٹہ نے 17 ویں اوور میں پورا کرلیا۔
کراچی کنگز کو اننگز کے آغاز میں ہی نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور اوپنر شرجیل خان دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ان کے بعد بابر اعظم اور افتخار احمد نے اننگز کا سلسلہ جاری رکھا تاہم دونوں تیزی سے رنز کرنے میں ناکام رہے۔افتخار احمد 21 جب کہ بابر اعظم 32 رنز بان کر آؤٹ ہوئے، اس موقع پر کیمرون ڈیلپورٹ نے جارحانہ انداز اپنایا اور 44 گیندوں پر 62 رنز بناکر محمد حسنین کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ان کے علاوہ والٹن نے 26، اسامہ میر نے 1 جب کہ رضوان بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ نے 2 جب کہ حسنین ، فواد اور سہیل خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز ،لاہور قلندرز اور کراچی کنگز سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو چکی تھیں جب کہ کوئٹہ کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے یہ میچ بھاری مارجن سے جیتنا تھا اور انہیں 150 کا ٹارگٹ 3.2 اوورز میں پورا کرنا تھا۔کوئٹہ کراچی کنگز کے خلاف ایک اچھی فتح کے باوجود پی ایس ایل 5 سے باہر ہوگیا ہے اور پشاور زلمی نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔17 مارچ کو پی ایس ایل فائیوکے پہلے سیمی فائنل میں ملتان سلطانزکامقابلہ پشاور زلمی سےہوگا جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں لاہورقلندرز اور کراچی کنگز17 مارچ کو ہی لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *