ٹرمپ نے پولیس کی ناکام حکمت عملی کے خاتمے کیلئے اصلاحات پر دستخط کردیے

آرڈر پولیس کو وفاقی گرانٹ فراہم کرے گا اور پولیس افسران پر مظاہرین کا گلا دبانے پر پابندی ہوگی

واشنگٹن : (پاکستان فوکس آن لائن)پولیس کے ہاتھوں جارج فلائیڈ کی موت کے خلاف عوامی احتجاج رنگ لے آیا۔نسلی امتیاز اور پولیس تشدد کے خلاف کئی ہفتوں کے مظاہروں کے بعد صدر ٹرمپ نے پولیس اصلاحات کے حکم نامے پر دستخط کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیاہ فام شہری کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت اور ملک بھر میں ہونے والے احتجاج کے نتیجے میں پولیس اصلاحات کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے۔بین الاقوامی خبررساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے بعد شہریوں کو جن حالات کا سامنا کرنا پڑا اس پر انصاف ہوگا۔پولیس اصلاحات کے ایگزیکٹیو آرڈر کے تحت ملک بھر میں محکمہ پولیس کو اضافی فنڈز کی فراہمی، طاقت کے استعمال سے متعلق گائیڈ لائنز کے مطابق تربیت اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کا ڈیٹا بیس بنایا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے آرڈر پر دستخط سے قبل پولیس افسران کی موجودگی میں کہا کہ ‘ہمیں ناکامی کے پرانے طریقے کو توڑنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ آرڈر محکمہ پولیس کو اعلیٰ سطح کے معیار کے لیے وفاقی گرانٹ فراہم کرنے کا سبب ہوگا۔امریکی صدر نے کہا کہ ‘ان اصلاحات کے تحت گلا دبانے پر پابندی ہوگی سوائے تب جب کسی افسر کی جان کو خطرہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ‘ہم خونی تصادم کو روکنے کے لیے جدید اور مضبوط ہتھیار بنائیں گے جو مددگار ہوں گے۔امریکی صدر کا یہ قدم 25 مئی کو سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر ڈیموکریٹک رہنماؤں کی جانب سے درخواست کے بعد لیا گیا ہے۔سینیٹ میں اقلیتی رہنما چک شومر کا کہنا تھا کہ ‘ٹرمپ نے بالآخر پولیس اصلاحات کی ضرورت کو تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ ‘کانگریس کو فوری طور پر واضح اور بھرپور قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے اور پولیس افسران کو قانون سے ماورا اقدامات سے روکنے کے لیے شقوں کو شامل کیا جائے اور صدر ٹرمپ کو قانون پر دستخط کرلینے چاہئیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ افسران کی بہت کم تعداد قانون کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوتی ہے اور کشیدہ علاقوں میں پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد کو بہتر بنانے میں مشکلات درپیش آتی ہیں۔آرڈر میں کہا گیا ہے کہ بحیثیت ایک قوم ہمیں خاص کر افریقی نژاد امریکیوں سے متعلق پولیس کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے معاملات کو سلجھانے کے لیے کوششوں کو دوگنا کرنا چاہیے۔امریکی صدر نے اپنے خطاب سے قبل پولیس کے ساتھ تصادم میں مارے گئے افراد کے لواحقین سے بات کی۔انہوں نے کہا کہ ‘تمام متاثرہ خاندانوں کو باور کرانا چاہتا ہوں کہ تمام امریکی آپ کے غم میں شریک ہیں اور اب آپ کے پیارے اندھیرے میں نہیں مارے جائیں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ ‘ہمیں پولیس اور شہریوں کے درمیان تصادم کے بجائے تعاون کی توقع ہے تاکہ سب کے لیے تحفظ، انصاف اور آزادی ہو۔امریکی صدر نے اس موقع پر سابق صدر براک اوباما سمیت ڈیموکریٹس کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ پولیس کے ظلم کو ختم کرنے میں ناکام رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *