پاکستانی میدانوں کی رونق بھارتی آنکھوں میں کھٹکنے لگی

بھارت کا رواں سال ایشیا کپ کیلئے پاکستان آنے سے انکار

لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن) پاکستانی میدانوں کی رونق بھارتی آنکھوں میں کھٹکنے لگی،رنگ میں بھنگ ڈالنے کیلیے رواں برس ایشیا کپ میں ٹیم بھیجنے سے صاف انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کھیلوں میں سیاست سے باز نہ آیا ، بھارتی کرکٹ بورڈ نے رواں سال ایشیا کپ کیلئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے صاف انکارکر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے پاکستان میں رواں سال ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت سے صاف لفظوں میں انکار کردیا۔ایک بورڈ عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی میزبانی اور اس کے حقوق پر کوئی اعتراض نہیں لیکن ایونٹ کا انعقاد کسی نیوٹرل وینیو پر ہونا چاہیے،ہماری ٹیم وہاں نہیں جا سکتی، موجودہ حالات میں کسی کثیر ملکی ٹورنامنٹ کیلئے بھی بلو شرٹس کے دورے کا کوئی امکان نہیں۔
بھارتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ اگر ایشین کرکٹ کونسل بھارت کے بغیر ہی پاکستان میں ایشیا کپ کرانے کا فیصلہ کرتی ہے تو یہ الگ بات ہوگی،اگر بلو شرٹس نے شرکت کی تو ایونٹ کسی نیوٹرل وینیو پر ہی ہوگا،یہ آپشن پہلے بھی استعمال کیا جاچکا، ایشیا کپ 2018میں بھارت نے اپنے میزبانی حقوق برقرار رکھے لیکن مقابلوں کا انعقاد یواے ای میں کیا،اس میں پاکستان ٹیم نے بھی شرکت کی،اب بھی ایسا کیا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ زمبابوے،ورلڈ الیون،سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے بعد بنگلہ دیش کی بھی میزبانی کرنے والا پاکستان اب دیگر ٹیموں کے ساتھ کثیر ملکی ٹورنامنٹ کرانے کا خواب دیکھ رہا ہے،پی سی بی کوایشیا کپ 2008کے بعد رواں برس پہلی بار کسی میگا ایونٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوگا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *