دعا منگی کیس میں اہم پیش رفت، لڑکی نے ملزمان کو پہچان لیا

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)کراچی سے اغوا ہونے والی لڑکی دعا منگی نے عدالت میں شناخت پریڈ کے دوران ملزمان کی شناخت کر لی ہے۔ملزمان ذوہیب قریشی اور مظفر کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزمان کو دیگر لوگوں کے درمیان کھڑا کیا گیا تھا۔ دعا منگی نے ملزمان ذوہیب قریشی اور مظفر کو شناخت کرلیا۔ لڑکی نے اپنے بیان میں بتایا کہ ذوہیب قریشی اور مظفر نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر مجھے اغوا کیا۔پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ مزید تفتیش اور معاملے کی جڑ تک پہنچنے کیلئے دونوں ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت پر پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
خیال رہے کہ دعا منگی کیس کے دو مطلوب ملزمان کو پشاور سے اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزمان کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے تاہم وہ واردات کے بعد پشاور فرار ہو گئے تھے۔ کراچی میں واردات کے دوران ملزمان نے ایک نوجوان حارث شیخ کو زخمی بھی کیا تھا۔ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے مطابق گلشن اقبال میں دعا کے اہلخانہ سے تاوان وصولی کیلئے اس گروپ کے ملزم آئے تھے۔ ملزموں سے مقابلہ ہوا تھا لیکن وہ فرارہوگئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *