اسٹاک مارکیٹ میں مندی، انڈیکس 159.84 پوائنٹس گر گیا

ایک روزہ تعطیل کے بعد اسٹاک مارکیٹ ایک مرتبہ پھر مندی میں چلی گئی

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) ایک روزہ تعطیل کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک مرتبہ پھر مندی میں چلی گئی، حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 159.84 پوائنٹس گر گیا۔
تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی کی صورتحال چھٹنے کا نام نہیں لے رہی، پہلے کاروباری روز کے دوران مارکیٹ میں 1221.55 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی تھی جس کے باعث انویسٹرز کے 203 ارب روپے ڈوب گئے تھے۔ بڑی مندی میں جانے والی اسٹاک مارکیٹ میں دوسرے کاروباری روز کے دوران 474.87 پوائنٹس بڑھا تھا جبکہ حصص کی مالیت میں 70 ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔ گزشتہ روز پورے ملک میں تعطیل کے باعث اسٹاک مارکیٹ بند رہی۔
آج کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، پہلے دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں تیزی دیکھی گئی، 116 پوائنٹس تیزی کے باعث 41 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔ تیزی کا یہ تسلسل دوپہر 12 بجے تک برقرار رہا اور انڈیکس 41103.13 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔تاہم اس سے اگلے دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں غیر یقینی صورتحال کے باعث انڈیکس میں 250 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی اور انڈیکس 40856.39 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 40684.18 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 159.84 پوائنٹس کی مندی کے بعد 40724.41 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.39 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ 9 کروڑ 25 لاکھ 35 ہزار 640 شیئرز کا لین دین ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *