سونا ایک ہزار روپے مہنگا ہو کر ایک لاکھ 5900 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس میں170 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) بین الاقوامی سطح پر قیمتیں مستحکم ہونے کے باوجود ملک بھر میں مسلسل دوسرے روز بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا، فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، بین الاقوامی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت مستحکم رہی جس کے بعد فی اونس سونے کی قیمت 1776 امریکی ڈالر پر برقرار ہے۔عالمی سطح پر قیمتیں مستحکم ہونے کے باوجود غیر متوقع طور پر ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد سونے کی نئی قیمت 1 لاکھ پانچ ہزار 900 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔
دوسری طرف فی تولہ سونے کی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 857 روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد دس گرام سونے کی نئی قیمت 90 ہزار 792 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔اُدھر چاندی کی قیمتوں میں استحکام رہا جس کے بعد چاندی کی قیمت 1050 روپے کی سطح پر برقرار ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران 170 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو اسٹاک مارکیٹ کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کا آغاز 35 ہزار 202 پوائنٹس پر ہوا۔ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران ہی انڈیکس میں 260 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس 35 ہزار 462 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔بعدازاں کاروبار کے اختتام پر انڈیکس میں 170 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس 35,373.35 کی سطح پر بند ہوا،آج کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 241,068,050 شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 9,841,209,718 بنتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *