ایران اور سعودیہ میں مصالحت: وزیراعظم کی سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے ملاقاتیں

ریاض: (پاکستان فوکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔وزیراعظم عمران خان نے مسلم دنیا کے دو بڑے ملکوں ایران اور سعودی عرب میں مصالحت کی کوششیں تیز کردی ہیں اور اسی حوالے سے وہ ایران کے بعد اب سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ اور دیگر حکام وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچنے پر گورنر فیصل بن بندر اور وزیرمملکت و نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر مساعد بن محمد نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں جن میں خطے میں امن وامان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم اور سعودی قیادت کا دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے علاقائی امن واستحکام کی خاطر خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر زور دیا۔وزیراعظم عمران خان نے سعودی قیادت کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے سعودی قیادت کو دورہ ایران پر بھی اعتماد میں لیا۔ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری اور سینئر افسران ملاقات میں شریک تھے۔

یاد رہے کہ دورہ ایران کے دوران وزیراعظم عمران خان نے خلیجی ممالک کو کسی فوجی تنازع سے بچانے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ خلیجی ممالک میں تمام فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں۔ پاکستان سعودی ایران کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات سے مسائل حل کرنے میں سہولت کاری کے لیے تیار ہے۔اس اہم دورے میں خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔ پاکستان نے سعودی عرب اور ایران میں مذاکرات کیلئے میزبانی کی بھی پیشکش کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *