عالمی برادری کو پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کرنا چاہیے، چینی وزارت خارجہ

بیجنگ: (پاکستان فوکس آن لائن) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردوں کو فنڈنگ روکنے سے متعلق واضح اقدامات کیے ہیں۔ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔ امید ہے کہ ایف اے ٹی ایف پاکستان کو دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے تعمیری مدد فراہم کرے گا۔چین پاکستان کی تعمیراتی روپے کو برقرار رکھتے ہوئے اس طرح کی بات چیت میں شامل ہوتا رہیگا۔
دوسری طرف ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پاکستان کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ بیجنگ میں ہونے والے اجلاس کے دوران پاکستان کیخلاف بھارت کی تمام سازشیں بری طرح ناکام ہو گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران پاکستان کی عملدرآمد رپورٹ پر امریکا اور یورپی ممالک نے اطمینان کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کے بیان پر چینی سفارتخانے نے درعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سی پیک اور پاک چین تعلقات میں امریکی مداخلت کی مذمت کرتے ہیں۔چینی سفارتخانے کے ترجمان کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے منفی پراپیگنڈے کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ امریکی اقدامات عالمی معیشت کے لیے نہیں، اپنے مفاد کے لیے ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا دنیا بھر میں پابندی کی چھڑی لے کر گھومتا ہے اور ممالک کو بلیک لسٹ کرتا ہے۔ امریکا حقائق سے آنکھیں چرا کر سی پیک پر اپنی بنائی ہوئی کہانی پر قائم ہے۔بیان میں کہا گیا تھا کہ چین پاکستانی عوام کے مفادات کو ترجیح دیتا ہے۔ گزشتہ 5 برسوں میں 32 منصوبے قبل ازوقت مکمل ہوئے۔ ان منصوبوں سے 75 ہزار افراد کو روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔چینی ترجمان نے کہا کہ سی پیک کام کر رہا ہے یا نہیں؟ اس کا جواب پاکستانی عوام نے دینا ہے نہ کہ امریکا نے۔ امریکا خود ساز قرضہ جات کی کہانی میں مبالغہ آرائی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کا حساب کتاب کمزور اور ارادے برے ہیں۔ چین نے کسی ملک کو قرضوں کی ادائیگی کے لیے جبری طور پر مجبور نہیں کیا۔ چین پاکستان سے بھی غیر معقول مطالبات نہیں کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *