پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین بلدیاتی نظام آنے والا ہے ،وزیراعظم عمران خان

سندھ حکومت نے مجھ سے مشاورت کئے بغیر سب کچھ بند کردیا، ذرائع ابلاغ سے بات چیت

لاڑکانہ: (پاکستان فوکس آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جتنی گورننس عوام تک لے جائیں گے اتنا کامیاب ہوں گے، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین بلدیاتی نظام آنے والا ہے جس کے بعد پیسہ ڈائریکٹ ضلع کونسل تک جائے گا۔
لاڑکانہ میں وزیر اعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کا سب سے زیادہ حامی میں ہوں، حکومتی فیصلوں سے عوام کو آگاہ رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ 18ویں ترمیم کے بعد اختیارات وفاق سے صوبوں کو چلے گئے، اختیارات جتنے نچلی سطح پر منتقل ہوں گے نظام اتنا مضبوط ہوگا۔ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین بلدیاتی نظام آنے والا ہے جس کے بعد پیسہ ڈائریکٹ ضلع کونسل تک جائے گا، اختیارات نچلی سطح پر پہنچائے جائیں گے عوام بہتر فیصلے کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ڈائریکٹ الیکشن کے بغیر کراچی اور لاہور کا مسئلہ کبھی حل نہیں ہوگا، شہر قائد میں میئر کے ڈائریکٹ الیکشن کے بغیر مسائل حل نہیں ہوسکتے۔وفاق سے اختیارات تو صوبوں کو منتقل ہوئے لیکن صوبوں نے نیچے منتقل نہیں کیے، اختیارات اور وسائل ملنے تک کراچی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے بتایا کہ ٹڈی دل سے لڑنے والے جہاز دیکھے تو سارے خراب پڑے تھے، ٹڈی دل کے خلاف ایک جہاز چلایا تو وہ بدقسمتی سے گر کر تباہ ہوگیا۔
عمران خان نے کہا کہ جولائی میں بھارت کی جانب سے ٹڈی دل کا حملہ ہوسکتا ہے لیکن ٹڈی دل پر 31 جنوری سے ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے ، ٹڈی دل کے معاملے پر ایران اور بھارت سے بھی رابطے میں ہیں کیونکہ ٹڈی دل صرف ہمارے ملک نہیں بلکہ خطے کا بڑا مسئلہ ہے۔وزیر اعظم نے موجودہ صورتحال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے کورونا پر بھی سیاست کی جارہی ہے۔ ہمارے لیے دہرا مسئلہ ہے لوگوں کو کورونا سے اور بھوک سے بھی بچانا ہے، ڈھائی کروڑ لوگ جو دہاڑی پر ہیں ملک بند کردیں تو وہ بھوک سے مریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افسوس کورونا کےحوالے سے سیاست کی گئی، این سی سی میٹنگ میں اتفاق رائے سے فیصلے ہوتے ہیں، ہرفیصلے سے متعلق صوبوں کو آن بورڈ لیا جاتا ہے، میٹنگ میں مرادعلی شاہ بات مانتے ہیں اور بعد میں بلاول بھٹو کچھ اور بیان دیتے ہیں، پہلے دن سے کہہ رہا تھا لاک ڈاؤن سخت نہیں ہونا چاہیے، جب سندھ نےلاک ڈاؤن کیا تو مجھ سے مشاورت نہیں کی، سندھ نے لاک ڈاؤن کیا تو باقی صوبوں نے بھی سب بند کردیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *