سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

صوبے بھر میں لاک ڈاؤن پابندیوں میں 15جولائی تک توسیع کردی گئی

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن پابندیوں میں 15جولائی تک توسیع کردی۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کا حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن پابندیوں میں 15جولائی تک توسیع کردی ہے، اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھر میں تعلیمی ادارے ٹریننگ انسٹیٹوٹ 15 جولائی تک بند رہیں گے، بیوٹی پارلرز بیوٹی سیلون پرپابندی رہے گی، صوبے بھر میں سیاسی، سماجی، مذہبی، عوامی اجتماعات اور تقاریب پر پابندی ہوگی، شادی ہالز، بزنس سینٹرز، ایکسپو ہالز پر پابندی برقرار رہے گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سینما گھر، تھیٹر، تفریحی و سیاحتی مقامات، انڈور اسپورٹس کلب، جم، کھیلوں کے ٹورنامنٹس پر پابندی برقرار رہے گی، مزارات پر اجتماعات کے انعقاد پر بھی پابندی ہوگی، جب کہ بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ پر 15جولائی تک پابندی عائد کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن مزید کہا گیا ہے کہ کاروباری مراکز اور دکانیں شام 7 بجے بند کردی جائیں گی جبکہ میڈیکل اسٹوز عوامی سہولت کیلئے کھلے رہیں گے۔ یاد رہے کہ کورونا وبا کے باعث سندھ حکومت نےصوبے بھر میں لاک ڈاؤن کا 2 جولائی تک کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں اب مزید 2 ہفتے کی توسیع کردی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *