وزیراعظم نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کا نوٹس لےلیا، مسئلہ حل کرنے کی ہدایت

کےالیکٹرک انتظامیہ سے جلد ملاقات کی جائے تاکہ لوڈشیڈنگ کا حل نکالا جاسکے، عمران خان

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے اسد عمر، گورنر سندھ اور معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن کو کے الیکٹرک انتظامیہ سے ملاقات کرکے مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کردی۔ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں کے الیکٹرک کے معاملے پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے کے الیکٹرک سے متعلق معاملات کےحل کیلئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر، معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن شہزاد قاسم اور گورنرسندھ کو ہدایت جاری کر دیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کےالیکٹرک انتظامیہ سےجلد ملاقات کی جائےتاکہ مسائل کا حل ممکن بنایاجاسکے۔ملاقات میں سندھ کی صورتحال خصوصاً کورونا کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر سندھ نے کورونا سے متعلق وزیراعظم کے وژن اور حکمت عملی کو سراہا۔
خیال رہے کہ آج قومی اسمبلی میں کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے بارے میں توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب نے کہا کہ کے الیکٹرک کا معاملہ کئی سالوں سے ہے، اسے نیشنل گریڈ سے مزید بجلی درکار ہے، ہم کے ای کو 200 میگاواٹ مزید بجلی دیں گے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم کے الیکٹرک کے مسائل حل کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *