وفاقی کابینہ نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کردیا

وزیراعظم عمران خان ایسے انتخابات چاہتے ہیں جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، شبلی فراز

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) وفاقی کابینہ نے گیس اور کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال اور عیدالضحیٰ ایس او پیز پر بریفنگ اور وفاقی کابینہ کی جانب سے کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی، وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس کیسز میں کمی پر اظہار اطمینان کیا جب کہ وزیراعظم نے مویشی منڈیوں میں ہر صورت ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔ذرائع کے مطابق کابینہ میں کے الیکٹرک کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی، وفاقی وزیر اسد عمر اور امین الحق نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے ٹیرف بڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو پہلے بجلی نہیں مل رہی، اوپر سے قیمتیں بڑھانا نامناسب ہے جس پر وزیراعظم نے کے الیکٹرک سے متعلق اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا جب کہ کابینہ نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کردیا۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ ماضی میں میرٹ اور شفافیت سے عاری کلچر متعارف کرایا گیا، ماضی کے حکمرانوں نے حرص اور کرپشن کی بنیاد پر حکومتیں چلائیں۔شبلی فراز نے کہا کہ ہماری حکومت بھٹو کے روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے کو عملی جامہ پہنا رہی ہے، اپوزیشن کی پھیلائی گئی غیریقینی صورتحال کے باوجود ہم ثابت قدم رہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس نے مضبوط ملکوں کی معیشت کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے، سرکاری اداروں میں تعیناتی کے نظام میں اصلاحات پر کام کررہے ہیں، کابینہ کے اب تک 93 اجلاسوں میں سے 1759 فیصلے کیے گئے، 1579 پر عمل ہوچکا ہے، 28 فیصلے تاخیر کا شکار ہیں جبکہ 46 پر عملدرآمد باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ شفاف سینیٹ الیکشن چاہتے ہیں، ایسے انتخابات چاہتے ہیں جس پر کوئی انگلی نہ اٹھائے، اصلاحات کا عمل بہتر بنا رہے ہیں۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی نے وزیراعظم کو بریفنگ دی ہے، اصلاحات آسان کام نہیں اس میں وقت لگتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے نجی شعبے کی شراکت سے اسپتالوں کی تعمیر کے منصوبے زیر غور ہیں، ماضی میں پنشن فنڈز پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، پنشن اور حج فنڈ کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کررہے ہیں۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں شمالی علاقہ جات میں درختوں کی کٹائی سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی، بیرون ملک 11376 قید پاکستانیوں کی واپسی کے لیے متعلقہ سفارتخانوں کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں اور کے الیکٹرک سے متعلق فیصلہ آئندہ کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا، تمام صوبوں کو پروینشل فنانس کمیشن بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جن صوبوں میں ہماری حکومت ہے وہاں پروینشل فنانس کمیشن کے معاملات اسد عمر دیکھیں گے، پروینشل فنانس کمیشن کے فعال ہونے سے صوبوں کے پسماندہ علاقوں میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *