شائقین کرکٹ کو دھچکا، کورونا کے باعث ٹی 20 ورلڈ کپ بھی ملتوی

دبئی: (پاکستان فوکس آن لائن)شائقین کرکٹ کیلئے بری خبر ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی کردیا گیا۔ اب 2021 اور 2022 میں مسلسل 2 برس ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اہم بورڈ اجلاس آج ویڈیو لنک پر ہوا جس میں رواں برس اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا۔آئی سی سی کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ایونٹس اب 2021 اور 2022 میں ہوں گے۔2021 اور 2022 کے ورلڈ ٹی ٹوئٹی ایونٹس کے میزبان ملک کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا البتہ شیڈول کے مطابق 2021 کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھارت میں ہونا تھا۔بھارت میں ہونے والے 2023 ورلڈ کپ (50 اوورز) کی تاریخ کو بھی چھ ماہ آگے بڑھا دیا گیا ہے اب 2023 کا ورلڈ کپ فروری مارچ کی بجائے اکتوبر اور نومبر میں کھیلا جائے گا۔
گزشتہ چند ہفتوں میں بار بار یہ اطلاعات سامنے آتی رہیں کہ رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہیں ہو سکے گا، آج آئی سی سی کے ویڈیو لنک پر ہونے والے اجلاس میں بالآخر میگا ایونٹ کے التوا کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔آئی پی ایل کروانے کے لیے بے تاب بھارتی بورڈ کا راستہ صاف ہوگیا، بھارت میں کورونا کی صورتحال بہت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے بی سی سی آئی حکام اپنی لیگ یو اے ای میں کروانے کا پلان بنا رہے ہیں اس کے لیے ستمبر سے نومبر تک ونڈو دستیاب ہوچکی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *