دورہ انگلینڈ سے قبل پاکستان کے 10 کرکٹرز کورونا وائرس کا شکار

ہمارے پاس اتنےکھلاڑی ہیں کہ ہم انگلینڈ کے دورے پر جا سکتے ہیں، وسیم خان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے قبل 10 قومی کرکٹرز کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے جس کی تصدیق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کی گئی ہے۔اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ منگل کو مزید 7 کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ میں شامل ایک رکن کےکووڈ 19ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔مجموعی طور پراسکواڈ میں شامل 35 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کووڈ 19 ٹیسٹ پیر کے روز لاہور، کراچی اور پشاور میں لیے گئے تھے جن میں سے 7کرکٹرز میں کورونا وائرس پایا گیا ہے۔
جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کی رپورٹ آج مثبت آئی ہے ان میں فخر زمان، عمران خان سینیئر ، کاشف بھٹی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔گزشتہ روز عابد علی، حارث رؤف، شاداب خان اور ٹیم مساجر ملنگ علی کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ ان کی طرح ان مذکورہ ساتوں کھلاڑیوں میں بھی ٹیسٹنگ سے قبل کووڈ 19 کی کوئی علامات نہیں پائی گئیں۔ جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں ان میں عابد علی، اسد شفیق، اظہر علی، بابراعظم، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر( سی ای او) وسیم خان نے بتایا کہ کھلاڑیوں کے دوبارہ ٹیسٹ 25 جون کو ہوں گے، ہمارے پاس اتنےکھلاڑی ہیں کہ ہم انگلینڈ کے دورے پر جا سکتے ہیں۔وسیم خان نے کہا کہ جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ دورہ انگلینڈ پر کوئی اثر نہیں پڑا اور اس سلسلے میں قومی اسکواڈ 28 جون کو مانچسٹر روانہ ہوگا، خوش قسمتی سے محمد رضوان کے علاوہ طویل طرز کی کرکٹ کے لیے اولین انتخاب میں شامل تمام کھلاڑی انگلینڈ میں ٹیسٹنگ کے فوری بعد ٹریننگ اور پریکٹس کا آغاز کرسکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *