افغان امن عمل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو کردار ادا کرنا ہوگا

وزیراعظم قطر کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے،دورہ قطر کااعلامیہ جاری

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے افغانوں کی سربراہی میں افغان امن عمل کی پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔جمعرات کو دوحہ کے ایک روزہ دورے کے دوران امیر قطر تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے امریکہ طالبان امن معاہدے جس پر ہفتے کے روز دستخط کئے جائینگے کے سلسلے میں قطر کے گرا نقدر کردار کو سراہا ۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغان امن عمل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو کردار ادا کرنا ہوگا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارت میں جاری مسلم مخالف فسادات پر شدید تشویش ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے دورہ قطر کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم نے امیر قطر سے ون آن ون ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی وعالمی امور پر گفتگو کی گئی اور دونوں ممالک کے درمیان سماجی ومعاشی پارٹنر شپ مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ طالبان معاہدے میں قطر کے کردار کو سراہا اور کہا کہ افغان مفاہمتی عمل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز افغان امن عمل کیلئے کردار ادا کریں۔
امیر قطر سے ملاقات میں وزیر اعظم نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہی ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت میں جاری مسلم مخالف فسادات پر شدید تشویش ہے،ہندو توا نظریے سے متاثر مودی سرکار فسادات کی ذمہ دار ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *