پنجاب، لاک ڈاؤن میں 15جولائی تک توسیع کر دی گئی

صوبہ بھر میں تمام مارکیٹیں پہلےسے جاری کردہ اوقات کار کے تحت کھلیں گی، مراسلہ

لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن) صوبہ پنجاب میں صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاوَن میں ایک بار پھر توسیع کر دی ہے۔محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے لاک ڈاوَن میں 15 جولائی تک توسیع کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب سیکریڑی پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کی جانب سے لاک ڈاؤن کے لئے توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق لاک ڈاؤن میں 15 جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ، پارک اور سینما ہال بدستور بند رہیں گے جبکہ سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کے لیے کی اجازت نہیں ہو گی۔سیکریڑی پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق صوبے بھر میں تمام کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 7 بجے تک، پیر سے جمعہ تک کھلے رہیں گے جبکہ میڈیکل اسٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی تندور، زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی۔صوبے بھر میں کال سنٹرز کو 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی جبکہ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلانے کی اجازت ہو گی۔صوبے بھر میں موجود تمام چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیےکھلے رہیں گے۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہوگا جو کہ 15جولائی تک نافذ العمل رہے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *