پی ایس ایل کے بقیہ چار میچز کا نومبر میں انعقاد پہلی ترجیح قرار

لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن) پاکستان سپر لیگ کی جنرل کونسل کا آٹھواں اجلاس 2 جولائی بروز جمعرات کو ٹیلی کانفرنس کے ذریعے ہوا۔ اجلاس کی کاروائی ہوئی، فرنچائزز اور پی سی بی نے ایک بار پھر دہرایا ہے کہ پی ایس ایل 2020 کے بقیہ 4 میچوں کا نومبر میں انعقاد ان کی سب سے پہلی ترجیح ہے۔اس حوالے سے انہوں نے گورننگ کونسل کے سامنے کوئی تجویز رکھنے سے قبل اس پر مزید غور کرنے پر اتفاق کیا ہے کیونکہ کوویڈ 19 کے وبائی مرض کے سبب تاحال کئی معاملات غیریقینی ہیں۔پی سی بی اور تمام چھ فرنچائزز نےپی ایس ایل کی طویل مدتی نشو و نما کو یقینی بنانے اور مالی استحکام پیدا کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ باہمی تعاون کے فریم ورک پر اتفاق کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ لیگ کے جاری جائزے کی بنیادپر کیا گیا ہے۔گورننگ کونسل نے پاکستان سپر لیگ کو ایک آزاد شعبہ بنانے پر پی سی بی کو سراہا ہے۔ اس شعبے کی سربراہی پی ایس ایل کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کریں گے۔ پی سی بی اور فرنچائزز نے پی ایس ایل ڈیپارٹمنٹ اور ٹیموں کے درمیان باقاعدہ رابطے کے فریم ورک پر اتفاق کیا ہے۔جس کا مقصد لیگ سے متعلق مختلف آپریشنل اور اسٹریٹجک امور پرمشاورتی عمل کو تیز کرنا ہے۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ یہ گورننگ کونسل کا ایک اور اہم اجلاس تھا، جہاں ہم سب کا مشترکہ ایجنڈا ایچ بی ایل پی ایس ایل کا مستقبل اور اس کی فلاح رہی۔ انہوں نے کہا کہ یقیناََ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا مستقبل پاکستان کرکٹ بورڈ اور تمام فرنچائزز کے لیے بہت اہم ہے لہٰذا ہم سب مل کر اسے ایک بڑا، مضبوط اور بہتر برانڈ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی اور فرنچائزز نے تمام زیرالتواء معاملات کو مل کر حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ دنیا کی بہترین کرکٹ لیگز میں شامل اس لیگ کے تمام فریقین کو فائدہ ہو اور وہ ترقی کرتے رہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے علیحدہ شعبے کا قیام ایک انتہائی ضروری اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان کا سب سے بڑا برانڈ ہے اور ایک وقف شدہ ٹیم اب اس میں بہتری لانے کے لیے سال بھر کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب نے دیکھا ہےکہ ایچ بی ایل پاکستان کے فینز کے لیے کیا معنی رکھتی ہےاور ہم سب اس کے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے ساتھ ہماری دیرینہ پارٹنرشپ کااہم پہلو پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کی سطح پر باقاعدہ مشاورت ہے، ہم نے آج بہت نتیجہ خیز بات چیت کی ہے اور ہم پی سی بی کے ساتھ مل کر چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے ساتھ ساتھ پی ایس ایل کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *