کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستان سپرلیگ کے ہائی وولٹیج میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے 17ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ شرجیل خان نے 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر 74 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 46 گیندوں میں 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔لاہور قلندرز نے اپنی اننگز کا آغاز محتاظ انداز میں کیا اور اس کی پہلی وکٹ 49 رنز پر گری جب فخر زمان 17 رنز بناکر عمید آصف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ان کے بعد کرس لین اور ان فارم بیٹسمین بین ڈنک کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور دونوں بالترتیب 5 اور 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔13 ویں اوور میں 90 پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد محمد حفیظ کریز پر آئے اور انہوں نے تیزی سے رنز بنانے کی کوشش کی تاہم اس موقع پر کپتان سہیل اختر ارشد اقبال کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 49 گیندوں پر 68 رنز بنائے۔اس موقع پر سمت پٹیل بھی 5 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے ، اننگز کے اختتام پر محمد حفیظ نے 35 اور ڈیوڈ ویزے نے صرف 5 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف اور ارشد اقبال نے 2،2 جب کہ کرس جورڈن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *