یومِ پاکستان پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ، دفاعی ساز و سامان کی نمائش

 

ملک بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)ملک بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے اور اس مناسبت سے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کی گئی، یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں صدر، وزیراعظم، آرمی چیف، ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد سمیت دیگر ممالک کی معزز شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزراء، وزرائے اعلی، شوبز ستارے اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب، پریڈ کے آغاز پر تینوں مسلح افواج پر مشتمل دستے نے سلامی پیش کی۔ سلامی کے بعد آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی پریڈ گراؤنڈ آمد ہوئی، وزیر دفاع پرویز خٹک، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل طفر محمود عباسی بھی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے۔ آذر بائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسن اوف اور بحرین فوج کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ کی پروٹوکول کے ساتھ پریڈ گراؤنڈ آمد ہوئی۔معزز شخصیات کی آمد کے بعد وزیراعظم عمران خان سلامی کے چبوترے پر پہنچے، وزیراعظم نے تینوں مسلح افواج کے سربراہوں سے مصافہ کیا۔ وزیراعظم کی آمد کے بعد ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کی پریڈ گراؤنڈ آمد ہوئی، ڈاکٹر مہاتیر محمد نے وزیراعظم عمران خان سے مصافہ کیا۔صدرمملکت پاکستان عارف علوی صدارتی بگھی پر پریڈ گراؤنڈ پہنچے، ان کی آمد کا اعلان بگل بجا کر کیا گیا۔ صدر عارف علوی نے وزیر دفاع پرویز خٹک، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور معزز مہمانوں سے مصافحہ کیا جس کے بعد انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا۔یوم پاکستان کی تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وفاقی وزراء، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گورنر، شوبز ستارے، گلوکار اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ سلطنت آف عمان کے سرکاری عہدیداران، غیر ملکی سفیر بھی یوم پاکستان پریڈ میں موجود رہے۔صدرِ مملکت سمیت مہمانِ خصوصی کی آمد کے بعد گراؤنڈ میں قومی ترانا پڑھا گیا اور تلاوتِ کلام پاک کی گئی جس کے بعد صدرِ مملکت عارف علوی کو مسلح افواج کے دستوں سے سلامی پیش کی اور صدر نے مسلح افواج کی پریڈ کا معائنہ کیا۔صدرِ مملکت کو سلامی پیش کیے جانے کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سربراہی میں جنگی طیاروں نے صدرِ مملکت کو سلامی پیش کی جب کہ ائیرچیف نے کاکٹ پٹ سے براہِ راست پیغام بھی دیا۔

ائیرچیف کی سربراہ میں طیاروں کا فلائی پاسٹ

ائیر چیف کی سربراہی میں پاک فضائیہ کے ایف 16 طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور اس دوران طیاروں کی گھن گھرج نے وفاقی دارالحکومت کا ماحول گرما دیا۔ائیر چیف مارشل نے ایف 16 طیارے میں پریڈ گراؤنڈ کے چکر لگائے اور فضا میں بلند ہوگئے، جے ایف 17، ایف 16، میراج اور ایف 7 پی طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ کیا۔صدرِ مملکت عارف علوی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کیا اور شاندار پریڈ کے انعقاد پر مسلح افواج اور منتظمین کو مبارکباد دی۔پاک فوج، رینجرز، بحریہ کے دستوں نے معزز مہمانوں کو سلامی دی اور الخالد ٹینکوں کے دستے نے بھی مخصوص انداز میں سلامی پیش کی۔تقریب میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کی گئی جس میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھنے والے الخالد سمیت دیگر ٹینکوں اور میزائلوں کی بھی نمائش کی گئی۔

دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی

یومِ پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح کے آغاز پر31 توپوں کی سلامی دی گئی جب کہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *