پیپلز پارٹی کا ’’کاروان بھٹو‘‘ ٹرین مارچ لاڑکانہ پہنچ کر اختتام پذیر

لاڑکانہ: (پاکستان پوسٹ آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میںکاروانِ بھٹو ٹرین مارچ اپنی منزل مقصود لاڑکانہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 26 مارچ کو کراچی سے روانہ ہونے والا ’کاروان بھٹو‘ ٹرین مارچ رات گئے لاڑکانہ پہنچا جہاں جیالوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔’کاروان بھٹو‘ مارچ نے دو روز میں کراچی سے لاڑکانہ تک کا فاصلہ طے کیا جس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے اپنے آبائی شہر شہید بے نظیر آباد میں ایک رات قیام بھی کیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے 24 مختلف مقامات پر کارکنان سے خطاب کیا اور انہیں 4 اپریل کو ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش آنے کی ہدایت کی۔بلاول بھٹو زرادری نے کہا کہ موجود حکومت تجاوزات مسمار کرنے کے نام پر غریبوں کے سر سے چھت چھین رہی ہے، ان پر تو دھوبی اور گھریلو اشیا کے اخراجات کے نام پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں لیکن ملک میں کالعدم تنظیمیں دندناتی پھر رہی ہیں۔بھٹو کارواں منگل کی صبح 11 بجے کراچی سے روانہ ہو کر آج صبح تین بجے کے قریب اپنی منزل لاڑکانہ پہنچا، کارواں ٹرین نے 9 گھنٹے کا سفر 40 گھنٹوں میں مکمل کیا۔ اس دوران پارٹی کارکنوں نے تمام مقامات پر اپنے قائد کا والہانہ استقبال کیا۔ فلک شگاف خیر مقدمی نعرے لگائے۔ بھنگڑے ڈالے اور پارٹی ترانوں پر رقص کیا۔بلاول کے ہمراہ وزیراعلی سندھ سمیت صوبائی کابینہ کے ارکان اور دیگر رہنماؤں نے بھی کارواں میں شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *