وزیراعظم عمران خان کا کراچی کا نیا ماسٹر پلان بنانے کا فیصلہ

Karachi city skyline

وزیراعظم کا دورہ کراچی: شہر قائد کا نیا ماسٹر پلان 2047 بنانے کا فیصلہ

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) وزیراعظم کا دورہ کراچی کا آج دوسرا روز ہے، شہر قائد کا نیا ماسٹر پلان 2047 بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا، عمران خان کراچی پیکیج کا اعلان کرینگے۔ ذرائع کے مطابق کراچی کے نئے ماسٹر پلان کو 2047 کا نام دیا گیا ہے، کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی نے کراچی پیکیج وزیراعظم کو پیش کردیا جس کے بعد وزیراعظم نے کراچی پیکیج کو 102 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ شہر میں گرین لائن بس منصوبہ فعال کرنے کے لیے 8 ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ کراچی کے ٹرانسپورٹرز کے لیے نئی ٹرانسپورٹ اسکیم متعارف کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اسکیم کے تحت ٹرانسپوٹرز بینک سے آسان قرضے حاصل کرسکیں گے، 500 ٹرانسپورٹرز کو 500 نئی بسیں خریدنے کے لیے قرضہ دیا جائےگا، قرضے کی مدت 6 سال ہوگی اور اس پر سود وفاق ادا کرے گا۔ذرائع کے مطابق لیاری ایکسپریس وے کو ہیوی ٹریفک کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ٹریک کو بہتر بنانے کے لیے 2 ارب کا خصوصی فنڈ جاری کیا جائے گا جب کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے دوبارہ جائیکا سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی حکومت نے کراچی کے 6 اضلاع میں شمسی توانائی کے 200 آر او پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت ڈسٹرکٹ ویسٹ میں 5 ایم جی ڈی پانی کا آر او پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا، کورنگی میں پانی کو قابل استعمال بنانے کے لیے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی فنڈنگ کا فیصلہ ہوا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کے فور کی نئی لاگت کی 50 فیصد فنڈنگ وفاقی حکومت دے گی۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے کراچی میں پی ٹی آئی اراکین نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے ہدایت دی کہ صوبائی اور قومی اسمبلی اراکین فون اٹھانے کے پابند ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان نے ‎گورنر سندھ عمران اسماعیل کو ہدایت دی کہ وہ اراکین کو اکیلے نہ چھوڑیں۔تحریک انصاف کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے مسائل بہت ہیں، مجھے اندازہ ہے، ‎ایک گلی بنوائیں گے دوسری نہیں تو مسائل بڑھیں گے، ‎ہم عوام کے میگا مسئلے حل کروائیں گے، ‎کمیٹی بنائی ہے مسئلے حل ہوں گے۔ یاد رہے وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر گزشتہ روز گوادر سے کراچی پہنچے، گورنر ہاؤس پہنچتے ہی عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی، وزیر اعظم نے کراچی میں جاری وفاقی حکومت کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم کے وفد بھی وزیر اعظم پاکستان سے ملنے گورنر ہاوس پہنچا، وفد نے تحفظات وزیر اعظم کے سامنے رکھ دئیے۔ مئیر کراچی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی میں ماس ٹرانزٹ کے لیے تعاون کرے، ایم کیوایم نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے کراچی پیکیج پر عمل درآمد کرایا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *