مسجدنبوی اور مسجد الاقصیٰ کو عام نمازیوں کیلئے کھول دیا گیا

آج سماجی فاصلے کو اختیار کرتے ہوئے مسجد نبوی میں نماز فجر ادا کی گئی

مدینہ منورہ: (پاکستان فوکس آن لائن)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اجازت سے آج سے مسجد نبوی ﷺ عام نمازیوں کیلئے کھول دی گئی ہے۔کورونا وبا کے باعث بند کیے جانے کے تقریباً ڈھائی ماہ بعد مسجد نبوی ﷺ نمازیوں کے لیے کھول دی گئی ہے۔مسجد نبوی سے آنے والی آج فجر کی اذان معمول سے ہٹ کر تھی، اذان سے پہلے ہی نمازی جوق در جوق مسجد پہنچے جہاں طبی عملے نے مسجد میں داخلے سے پہلے نمازیوں کا درجہ حرارت چیک کیا۔حفاظتی انتظامات کے تحت مسجد کی مجموعی گنجائش کے مطابق 40 فی صد نمازیوں کو داخلے کی اجازت ہے۔مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ کی جانب سے نمازیوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے، جائےنماز ساتھ لانے اور وضو گھر سے کرکے آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مسجد نبوی ﷺ کے ساتھ آج سے سعودی عرب کے دوسرے شہروں کی مساجد میں بھی نماز کی باجماعت ادائیگی شروع ہو گئی ہے لیکن مسجد الحرام کو اب تک عام نمازیوں کے لیے نہیں کھولا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر سعودی حکومت نے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کرتے ہوئے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ سمیت تمام مساجد میں باجماعت نمازوں کی ادائیگی اور نمازیوں کے داخلے پر پابندی عائد دی تھی۔
ادھر دو ماہ کی بندش کے بعد مقبو ضہ بیت المقدس میں مسجد اقصی نمازیوں کے لیے کھول دی گئی، جہاں کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے نمازیوں کو ماسک پہننا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کورونا وبا کے باعث مارچ میں مسجد اقصی ٰ نمازیوں کے لیے بند کی گئی تھی۔مقبوضہ بیت المقدس میں اسلامی مقدسات کے انتظام وانصرام کے ذمے دار محکمہ اوقاف نے کورونا وائرس کی وجہ سے مسجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی لگائی تھی تاہم اذان مقررہ وقت پر دی جاتی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *