آرمی چیف کا کورونا وائرس میں مبتلا شیخ رشید اور شہباز شریف کو فون

چینی سفیر یاؤجنگ نے بھی شہبازشریف سے رابطہ کرکے خیریت دریافت کی

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وائرس میں مبتلا شیخ رشید اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو فون کیا اور دونوں کی خیریت دریافت کی۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کا اعلان انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اعلان کیا اورکہا تھا کہ خود کو گھرمیں قرنطینہ کر لیا ہے۔قرنطینہ کے دوران پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو ٹیلیفون کیا ہے اور ان کی خیریت دریافت کرنے کے بعد جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔آرمی چیف نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا کہ اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں۔ ہماری ضرورت ہوئی تو بھر پور تعاون کرینگے۔ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹیلیفونک کرنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا مشکور ہوں۔
دریں اثناء پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کو بھی ٹیلیفونک کیا اور ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق آرمی چیف نے شہبازشریف کی کورونا سے جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اورعلاج معالجے میں معاونت کا بھی پوچھا۔مریم اورنگزیب کے مطابق پاکستان میں تعینات چینی سفیریاؤجنگ نے بھی شہبازشریف سے رابطہ کرکے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چینی سفیریاؤجنگ نے شہباز شریف سے کسی بھی قسم کی معاونت کی پیشکش کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *