آئل ٹینکر حملوں کا ذمہ دار ایران ہے، امریکا کا الزام

صدر ٹرمپ نے ایران کو’’دہشت گرد قوم‘‘ قرار دے دیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران ایک دہشت گرد قوم ہے، حالیہ آئل ٹینکرز حملوں میں ایران کے ملوث ہونے سے اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آ گیا ہے۔امریکی ٹی وی ‘فوکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایک ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایران کی فوج آئل ٹینکر سے بارودی سرنگ ہٹا رہی ہے۔صدر نے ایران کو خبردار کیا کہ وہ آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی غلطی نہ کرے اگر اس نے ایسا کیا تو یہ گزرگاہ زیادہ دیر تک بند نہیں رہے گی۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز خلیج عمان میں ہونے والے 2 آئل ٹینکروں پر حملے کی ذمہ داری ایران پر عائد کرتے ہوئے الزام لگایا کہ تہران آئل شپنگ کے راستے میں خوف کی فضا برپا کرنا چاہتا ہے۔ایران نے اس سے قبل بھی امریکا کی جانب سے حملے میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کیا تھا اور آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکی بھی دی، جس کے ذریعے عالمی سطح پر تیل کا 5واں حصہ گزرتا ہے۔
برطانیہ کا امریکہ سے اتفاق
خطے میں جاری حالیہ کشیدگی پر برطانیہ نے امریکی موقف کی تائید کرتے ہوئے تیل بردار جہازوں پر حملے کا ذمہ ایران کو ٹھہرایا ہے۔برطانوی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ‘برطانیہ کو دستیاب معلومات کے مطابق جمعرات کو ہونے والے حملے ایران کے پاسدران انقلاب نے کیے، گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات میں چار آئل ٹینکرز پر حملوں کا ذمہ دار بھی ایران ہے۔برطانیہ کے وزیر خارجہ جرمی ہنٹ کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سوچ پر عمل پیرا ہے، انھوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔
دوسری جانب روس نے خلیج عمان میں ٹینکر حملوں پر فوری نتائج پر پہنچنے پر خبردار کیا ہے۔روس کے وزیر خارجہ نے عالمی سطح پر حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ فوری نتائج کی طرف جانے سے گریز کرنا چاہیے‘۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ’ہم حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں چاہے اس کے پیچھے کوئی بھی ہو‘۔واضح رہے کہ گزشتہ روز خلیج عمان میں 2 تیل بردار جہازوں پر حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد خطے میں کشیدگی کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔گزشتہ روز حملے کے بعد ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد سے زائد اضافہ ہوا تھا جبکہ آج اس میں ایک فیصد مزید اضافہ ہوا۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کے ساحلی شہر کی بندرگاہ پر 4 جہازوں میں تخریب کاری کی کوشش کی گئی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *