خلیجی ممالک نے امریکا کو سمندری حدود میں فوج تعینات کرنے کی اجازت دے دی

جدہ: (پاکستان فوکس آن لائن)سعودی عرب سمیت خلیج تعاون کونسل میں شامل ممالک نے امریکا کو خلیجی ملکوں کی سمندری حدود میں فوج تعینات کرنے کی اجازت دے دی۔سعودی اخبار کے مطابق امریکا نے ایران کیخلاف خلیجی سمندری حدود میں فوج تعیناتی کی اجازت مانگی تھی۔عرب اخبار الشرق الاوسط نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکا نے ایران سے مقابلہ کرنے کیلئے اپنی فوج خلیجی ملکوں اور ان کی سمندری حدود میں تعینات کرنے کی اجازت مانگی تھی۔اس درخواست پر خلیج تعاون کونسل نے خلیجی پانیوں میں امریکی فوج کی تعیناتی کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔
عرب نیوز نے خبر دی ہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مکہ معظمہ میں عرب سربراہ کانفرنس کیلیے کوششیں کی جارہی ہیں جس میں عرب اور مسلمان ممالک کی قیادت شرکت کرے گی۔مذکورہ کانفرنس کا مقصد مسلمان ممالک میں اتحاد اور ہم آہنگی پیدا کرنا ہوگا جب کہ عالمی اور علاقائی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر بھی غور کیا جائے گا۔واضح رہے امریکہ نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے خیلج فارس میں اپنا جنگی بحری بیڑا اور بمبار ٹاسک فورس جہاز تعینات کردیا ہے۔امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن نے کہا تھا کہ امریکہ یا اتحادیوں کے مفاد پر حملے کا جواب بے رحمی اور بھرپور قوت سے دیا جائے گا جس پر ایران نے سخت ردعمل میں کہا تھا کہ امریکی طیارہ بردار جہاز کو صرف ایک میزائل سے تباہ کیا جاسکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *