صدر مملکت اور وزیراعظم کے عید کے موقع پر قوم کے نام تہنیتی پیغامات

وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو عید کی خصوصی مبارک باد دی

اسلام آباد : (پاکستان فوکس آن لائن)صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ وہ اللہ رب العزت سے دعاگو ہیں کہ وہ ہماری عبادتوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔صدر عارف علوی نے کہا کہ یہ دن جہاں اپنوں کے ساتھ ایثار اور محبت کا ہے وہاں ضرورت مندوں اور مستحق افراد کی دلجوئی اور انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا بھی دن ہے۔انہوں نے کہا کہ عید کا دن یہ پیغام لے کر آتا ہے کہ اگر انسانیت، ایثار اور صبر و ہمدردی جیسی صفات کو ہم مستقل طور پر اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو اللہ کا انعام ابدی طور پر ہمارا مقدر ہوں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے قوم کو عید کے مبارک باد کے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ میری عید کشمیریوں، ہندوستان میں مظالم سہنے والے مسلمانوں کے نام ہے، میں اپنی عید شہدائے پی آئی اے، مزدوروں، ڈاکٹرز اور نرسز کے نام بھی کرتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان نے عیدِ سعید کے موقع پر قوم کے نام خصوصی تہنیتی پیغام میں نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جاری بربریت کا نہایت ہمت و جوانمردی سے سامنا کرنے اور غیرانسانی محاصرے کے دوران صبر و استقامت کا پہاڑ بن کر ڈٹے رہنے پر اہلِ کشمیر کو ہمارا سلام پہنچے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا اس سال عید الفطر کے موقع پر عالم انسانیت گہری آزمائش سے گزر رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں ضرورت مند اور پسماندہ طبقات کو ہرگز نظر انداز نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں روزے کے ذریعے ہم نے اپنی زندگی میں جو تقوی، نظم و ضبط اور خیر خواہی کا جذبہ پیدا کیا تھا، اب ہماری یہ کوشش ہونی چاہئیے کہ اس کو اپنی زندگی کا مستقل حصہ بنائیں،عمران خان نے کہا کہ اس سال عیدالفطر کے موقع پر عالم انسانیت گہری آزمائش سے گزر رہی ہے اور کورونا وائرس کے حوالے سے ساری دنیا پریشان ہے جبکہ تمام ممالک ہنگامی بنیادوں پر اس وبا کی روک تھام کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اس وائرس سے بچاؤ کے لیے طبی ماہرین کی ہدایات کے مطابق احتیاط برتنا ہی اس کی روک تھام کا واحد طریقہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سماجی فاصلے، حفظان صحت کے اصولوں کو اختیار کرتے ہوئے ضرورت مند، نادار، مستحقین اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے طبقے کا خصوصی خیال رکھنا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان خوشی کے لمحات میں ہم ایک طرف خوشیاں تقسیم کر کے عید کو بامقصد اور باعث اطمینان بنا سکتے ہیں تو دوسری طرف احتیاطی و حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی طرف سے وضع کردہ قواعد وضوابط پر عمل کرکے اپنی، اپنے پیاروں اور اپنے ہم وطنوں کی قیمتی جانیں بچا سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *