کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری، شہری بے حال

کراچی کے رہائشی علاقوں میں 8 سے 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)کے الیکٹرک کی جانب سے شدید گرمی میں شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ رہائشی علاقوں میں 8 سے 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
کراچی کے علاقے قائدآباد،لانڈھی،کورنگی،ملیر،شاہ فیصل کالونی ،لیاقت آباد، نارتھ کراچی،گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا بلاک 17، گلستان جوہر بلاک 8 میں رات گئے بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی۔لیاقت آباد سی ون ایریا میں 18 گھنٹے بعد بحال ہونے والی بجلی بھی رات پونے گیارہ بجے دوبارہ غائب ہوگئی۔بجلی کی طویل بندش اور سخت گرمی کے موسم میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ فالٹ کے نام پر بجلی بند کی جا رہی ہے، وقت بے وقت بجلی غائب ہوجاتی ہے اور گھنٹوں غائب رہتی ہے۔ شہریوں کا اس بارے میں کہنا ہے کہ ایک جانب تو ہم بھاری بل ادا کرنے پر مجبور ہیں مگر دوسری جانب ہمیں بجلی بھی فراہم نہیں کی جا رہی۔ نارتھ کراچی ، سرجانی ، فیڈرل بی ایریا ، گلستان جوہر ،گلشن اقبال ، اورنگی ٹاؤن ، کورنگی ، لانڈھی بلدیہ اور اسکیم 33 کے رہائشی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ لوڈشیدڈنگ فری ایریا میں بھی اب بجلی دن میں کئی بار ایک گھنٹے کے لیے بند کی جاتی ہے اور رات 12 بجے کے بعد بھی لوڈشیڈنگ جاری رہتی ہے جس سے بچے بڑے سب ہی پریشان ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *