سیاہ فام شخص کی ہلاکت پر ہنگامےجاری،25شہروں میں کرفیو نافذ

سیاہ فام شہری کی ہلاکت،مظاہروں نے پورے امریکا کوگرفت میں لے لیا

واشنگٹن: (پاکستان فوکس آن لائن) امریکا میں سیاہ فاموں کے ساتھ نسلی امتیاز اور تعصب کیخلاف پرتشدد مظاہرے شدت اختیار کرگئے ہیں اور حالات سنگین ہونے کے باعث کئی شہروں میں کرفیو نافذ کرکے فوج تعینات کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے بعد پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ پانچویں روز میں داخل ہوگیا، لاس اینجلس سمیت 25شہروں میں کرفیو نافذ کردیا گیا، جگہ جگہ پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، 14شہروں میں نیشنل گارڈز تعینات کردیئے گئے۔ لندن میں بھی امریکی واقعے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے بعد امریکا میں ہنگاموں کا سلسلہ تھم نہ سکا، کئی ریاستیں میدان جنگ بن گئیں۔ ریاست منی سوٹا، لاس اینجلس میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے، کرفیو کے باوجود مظاہرین نے کئی سپراسٹورز پر دھاوا بول دیا۔ شیشے توڑ کر قیمتی سامان لوٹ لیا۔ پولیس کچھ نہ کر سکی۔
لاس اینجلس میں پولیس کی جانب سے ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا گیا پھر بھی مشتعل افراد قابو میں نہ آئے اور ہنگاموں کا سلسلہ جاری رکھا۔ 25شہروں میں کرفیو نافذ ہے اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے 14 شہروں میں نیشنل گارڈز تعینات کردیئے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے واقعات میں کمی نہ آسکی۔بلوائیوں نے کئی گاڑیوں اور عمارتوں کو جلا دیا۔ جگہ جگہ پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس اسٹیشن کو بھی آگ لگا دی گئی۔ امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا مسٹر فلوئیڈ کی موت نے امریکیوں کو خوف، غصے اور غم سے بھر دیا ہے۔ وہ ناراض ہجوم کو غلبہ حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، صورتحال جلد قابو میں آجائے گی۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے تحفظ کے لیے امریکی خفیہ سروس کی تعریف کی تھی لیکن کہا تھا کہ اگر مظاہرین اس کی حدود کی خلاف ورزی کرتے تو ’انتہائی شیطانی کتوں اور بدترین ہتھیاروں سے استقبال کیا جاتا۔سیا فام شہری کی ہلاکت کے بعد شروع ہونیوالے احتجاج کا سلسلہ برطانیہ تک پھیل گیا، لندن میں لوگوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر آگئی اور واقعے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *