ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی شدید گرمی کی لہر برقرار

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
صبح ہوتے ہی سورج کا پارہ ہائی ہو گیا، ملک کے مختلف شہروں میں قیامت خیز گرمی پڑ رہی ہے، آج جیکب آباد میں پارہ پھر پچاس تک جانے کا امکان ہے، لاڑکانہ، سکھر، دادو کے علاقے بھی تپتے رہیں گے، لاہور میں بھی شدید گرمی پڑنے کی پیش گوئی ہے۔ آج پارہ 45 تک جائے گا۔ہائے رے گرمی، سورج کا مزاج آج بھی برہم، ملک کے مختلف شہروں میں گرمی عروج پر ہے، سندھ کے میدانی علاقے تنور بنے ہوئے ہیں۔ جیکب آباد میں گذشتہ روز پارہ 51 کو چھو گیا، آج بھی 50 تک جانے کی پیش گوئی ہے، سکھر، لاڑکانہ اور دادو میں پارہ 48 تک جانے امکان ہے، کراچی میں آج درجہ حرارت 35 سے 37 کے درمیان رہے گا۔
پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی سورج آگ برسا رہا ہے، لاہور میں آج بھی درجہ حرارت 45 کی حد عبور کر سکتا ہے۔ فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، سرگودھا اور بھکر میں بھی شدید گرمی ہے۔ بلوچستان کے علاقے تربت اور سبی میں بھی موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے کئی شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، صبح 11 بجے ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق سب سے زیادہ گرمی دادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔رحیم یار خان اور نور پور تھل میں 44، اوکاڑہ، نواب شاہ، ڈی جی خان، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال اور فیصل آباد میں 43، سکھر، پڈعیدن، بھکر، بہاولپور، جھنگ، کوٹ ادو اور ملتان میں 42 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر محکمہ موسمیات نے کل سے کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کی پیش گوئی کی ہے جس سے گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *