سپریم کورٹ نے حکومت کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی کی اجازت دے دی

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)سپریم کورٹ نے حکومت کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی کی اجازت دے دی ہے۔ سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کا حکم امتناع پر عمل در آمد روک دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے حکم دیا ہے کہ حکومت اور ادارے قانون کے مطابق کارروائی کریں۔عدالت نے حکومت کو شوگر ملز مالکان کے خلاف غیر ضروری اقدامات نہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ سندھ اور اسلام آباد ہائی کورٹس 3 ہفتے میں شوگر ملز کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
سپریم کورٹ نے شوگر کمیشن رپورٹ پر حکومتی عہدیداران کو بیان بازی سے بھی روک دیا ہے۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ بیان بازی سیاسی معاملہ ہے زیادہ مداخلت نہیں کر سکتے۔اٹارنی جنرل نے عدالت میں کہا کہ یہ پہلا کمیشن ہے جس میں 2 وزرائے اعلیٰ پیش ہوئے۔ وزیراعظم کے قریب ترین ساتھی کو بھی کمیشن میں پیش ہونا پڑا۔
جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ شفاف کام ہونا چاہیے تاکہ ملوث افراد کیفر کردار تک پہنچ سکیں۔ تکنیکی معاملات میں عوام کا مفاد پیچھے نہیں رہنے دیں گے۔ چیف جسٹس گلزاراحمد نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کو کام سے کیسے روک سکتے ہیں؟

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *