کراچی میں زہریلی گیس پھیلنے سے جاں بحق افراد کی تعداد6ہوگئی

کیماڑی میں زہریلی گیس کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں،100سے زائد متاثر

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) کراچی کے علاقے کیماڑی میں گزشتہ رات پراسرار زہریلی گیس کےاخراج سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی جبکہ 100 سے زائدافراد متاثر ہوئے ہیں ۔گیس کہاں سے خارج ہوئی تاحال کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں گزشتہ رات پراسرار زہریلی گیس کے اخراج سے 6 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 3 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ جاں بحق ہونیوالوں میں 2 خواتین، 1 بچہ اور 3 مرد شامل ہیں ۔ جن کی شناخت معمار بی بی، یاسمین، رضوان، عظیم اختر، احسن اور رابش کے نام سے ہوئی ہے ۔ زہریلی گیس سے متاثر ضیاء الدین میں 100سے زائد، کتیانہ میں 22، جناح میں 8 اور سول اسپتال میں 2 مریض منتقل کئے گئے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق 80 سے زائد متاثرہ افراد کوطبی امداد دینے کے بعدروانہ کردیا گیا جبکہ 20 سے زائد افراد اب بھی زیرعلاج ہیں۔پولیس کے مطابق گیس کا اخراج کہا ں سے ہوا معلوم نہیں ہوسکا ہے تاہم زہریلی گیس کی وجہ سےلوگوں کو سانس لینے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔وزیراعلی ٰ سندھ مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ۔
دوسری جانب واقعے کے بعد وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے ٹویٹ میں کہا کہ صورتحال اب کنٹرول میں ہے، ان کا کہنا ہے کہ میں نے بغیرماسک پہنے بحری جہازوں اور سویا بین کے کنٹینروں کا کا دورہ بھی کیا ہے ۔ گیس کا اخراج کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اندر سے یا کسی جہاز سے کیمیکل سے نہیں ہوا، نیوی کی ٹیم تحقیقات کررہی ہے ۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ نیوکلیئر بایولوجیکل کیمیکل ڈفینس کی ٹیم نے تحقیات شروع کر دی ہیں، زہریلی گیس کہاں سے آئی جلد معلوم ہوجائیگا۔
اس حوالے سے متاثرین کا کہنا ہے کہ بندرگاہ پر کسی بحری جہاز سے کیمیکل نکالنے کے دوران ہوا میں گیس شامل ہوئی تاہم ترجمان کراچی پورٹ ٹرسٹ نے واضح کیا ہے کہ کیماڑی گیس واقعے میں جہازوں سے کیمیکل لیکج کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔کے پی ٹی کے اس بیان پر رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کا موقف غیر ذمہ دارانہ ہے ، واقعے کی تہہ تک جائیں گے ۔
ہسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر فہیم نے کل تک 4 افراد کی موت کی تصدیق کی تھی تاہم اب جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے ۔ سیکریٹری صحت سندھ نےڈسٹرکٹ ساؤتھ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی وفاقی وزیر علی زیدی، صوبائی وزیر سعید غنی، سماجی رہنما فیصل ایدھی و دیگر ہسپتال پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے بھی متاثرہ افراد اور ان کے گھر والوں کے بیان قلم بند کرلیے ہیں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *