حکومت نیب کو بلیک میل کر کے کنٹرول کرنا چاہتی ہے: بلاول بھٹو

بلاول نے چیئرمین نیب کی لیک ویڈیو کو وزیراعظم کا بلیک میلنگ حربہ قرار دیدیا

لاڑکانہ: (پاکستان فوکس آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین نیب کی ویڈیو لیک کیے جانے کو وزیراعظم کا بلیک میلنگ کا حربہ قرار دیا ہے۔رتو ڈیرو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جب بات پرویز خٹک اور اتحادیوں پر آئی تو وزیراعظم بلیک میلنگ پر اتر آئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دو معاونین خصوصی کے ذریعے ویڈیو کا میڈیا پر آنا محض اتفاق نہیں ہوسکتا، ہم ویڈیو لیک کرنے پر وزیراعظم اور ان کے معاونین خصوصی کی مذمت کرتے ہیں۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے کبھی ذاتیات کی سیاست نہیں کی، ہمیں صرف چیئرمین نیب کے انٹرویو پر اعتراض ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے انٹرویو سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوئی ہے، کسی فرشتے کو بھی چیئرمین نیب بنا دیا جائے تو فرق نہیں پڑے گا کیونکہ آمر کا بنایا گیا نیب کا قانون ایک کالا قانون ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب گردی اور ایف آئی اے کا نظام چلنے سے بزنس مین خوفزدہ ہیں، اس نظام کی وجہ سے بزنس اور بیوروکریٹ کام کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک ہی افطار کی مار تھی، افطار شروع ہونے سے پہلے تحریک انصاف اور حکومت کی چیخیں نکلنا شروع ہوگئی تھیں بہت جلد دوسرے لوگوں کے ساتھ بھی افطار کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی کوئی سمت ہے نہ رُخ کہ کہاں جا رہی ہے؟یہ ایک نااہل حکومت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرکسی وفاقی وزیرنے ایچ آئی وی کے بارے خوف پھیلایا ہے تو ایسے وزرا کو ہٹایا جائے، خان صاحب اگرانسانیت پریقین رکھتے ہیں توان کوایسے وزرا کیخلاف ایکشن لینا چاہیے۔پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے۔ ایچ آئی وی کے متاثرہ افراد کے نام میڈیا پرنہ لائے جائیں۔ ہم سب نے ملکرایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کا ساتھ دینا ہے۔ دوسری جماعتوں سے بھی مدد مانگتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آگاہی مہم چلانا ہو گی۔ متاثرہ افراد کے نام میڈیا پر لانے کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ لاڑکانہ، رتوڈیرو میں ایڈز سے متعلق خوف پھیلایا جا رہا ہے۔ متاثرہ افراد کے نام میڈیا پر لانے کوبرداشت نہیں کرینگے۔ یہ بیماری کوئی سزائے موت نہیں اس کا علاج ہو سکتا ہے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کوتنہا نہیں چھوڑسکتے، صحت کوسیاست سے بالاترہونا چاہیے۔ ایچ آئی وی، ایڈز بارے آگاہی مہم چلانی ہو گی۔ ڈاکٹرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز دن رات محنت کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *