زائرین حج و عمرہ کے لیے خوشخبری: ’’لو‘‘ سے بچاؤ کا آلہ ایجاد ہو گیا

ریاض: (ویب ڈیسک)حج و عمرہ زائرین کو سعودی عرب کے محکمہ صحت نے خوشخبری سنائی ہے کہ سخت گرمی میں ’لو‘ لگنے والے مریضوں کی فوری صحت یابی کے لیے آلہ ایجاد کرلیا گیا ہے۔ یہ ایجاد دو سعودی ڈاکٹروں کی کاوش ہے۔’اخبار 24‘ کے مطابق ڈاکٹر حاتم بن عبدالعزیز خوقیر اورڈاکٹر نادر بن حمزہ مطیرمنیٰ ، مزدلفہ ، عرفات اور مکہ مکرمہ کے اسپتالوں میں ایام حج کے دوران ’لو‘ سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرتے رہے ہیں۔حجاج کرام کا علاج کرنے والے دونوں سعودی ڈاکٹروں نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھا کر جو آلہ ایجاد کیا ہے اس سے لو لگنے سے متاثر ہونے والا مریض صرف دس منٹ میں بہترہو جاتا ہے۔سعودی ڈاکٹروں کا تیار کردہ آلہ کسی بھی جگہ ایسے مریض کی حالت میں بہتری لانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے جسے لو لگی ہو۔
سعودی عرب میں پڑنے والی گرمی کے باعث زائرین حج و عمرہ ہر سال بڑی تعداد میں شدید گرمی سے متاثر ہوتے ہیں اور حج انتظامیہ اس ضمن میں خصوصی اقدامات بھی کرتی ہے۔اس سال بھی سخت گرمی میں حج کا فریضہ ادا کیا جائے گا جب کہ آئندہ آنےوالے سالوں میں مزید گرمی بڑھنے کے امکانات ظاہر کیے جا چکے ہیں۔اخبار 24 کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ ایجاد کردہ آلے کی بدولت متاثرہ شخص صرف دس منٹ میں بہتر ہو جائے گا۔سعودی محکمہ صحت کے مطابق اس آلے سے کسی بھی جگہ فائدہ اٹھانا ممکن ہو گا اور اس آلے کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ اس کے استعمال سے ایک شخص کی بیماری دوسرے مریض کو منتقل نہیں ہو گی۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ایجاد کردہ آلے کے تمام عناصر کو جراثیم پروف کرنا ممکن ہے۔اخبار 24 نے اس ضمن میں یہ نہیں بتایا کہ کیا ایجاد کردہ آلہ تیار کرکے کمرشل بنیادوں پر فروخت کےلیے مارکیٹ میں بھی پیش کیا جائے گا یا نہیں؟ اگر وہ مارکیٹ میں فروخت کے لیے دستیاب ہوگا تو اس کی قیمت کیا ہوگی؟ اوریہ کہ کب تک اس کی مارکیٹ میں دستیابی کے امکانات ہیں؟سعودی عرب اور خلیجی ممالک کے علاوہ افریقہ و ایشیائی ممالک میں گرمی کے موسم میں لوگوں کو ’لو‘ لگنے کی شکایات عام ہوتی ہیں جس سے بسا اوقات مریضوں کی جان کو بھی سخت خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔
پاکستان، ہندوستان اور بنگلہ دیش میں پڑنے والی شدید گرمی کے دوران لوگ عام طور پر لو سے بچاؤ کے لیے پیاز اور سرکے کا کثرت سے استعمال کرتے ہیں جب کہ مسافروں کو سفر کے دوران جیب میں سفید پیاز رکھنے کی بھی تلقین کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنا بچاؤ کرسکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *