اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی: برطانیہ اور پاکستان میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کے حوالے سے اہم پیش رفت، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔مفاہمتی یادداشت پر بیرسٹر شہزاد اکبر اور برطانوی فوکل پرسن برائے پاکستان نے دستخط کئے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا برطانیہ میں مقیم افراد پاکستان کے حوالے کئے جاسکیں گے، مفاہمتی یادداشت سے اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کی قانونی راہ ہموار ہوگی، لندن میں برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کے ساتھ تعمیری ملاقاتیں ہوئیں، برطانیہ میں وزیر مملکت مارک فیلڈ سمیت دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
مفاہمتی یادداشت کے متن کے مطابق پاکستان اور برطانوی حکومتیں اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کے لیے ہم آہنگی پر پہنچ گئی ہیں اور مفاہمت کی یادداشت کا مطلب ہے کہ اسحاق ڈار کو قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کے حوالے کیا جائے۔متن کے مطابق مفاہمت کی یادداشت جرم سے نمٹنے میں زیادہ متحرک تعاون فراہم کرے گی۔
یاد رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں نیب ریفرنس زیرسماعت ہے اور وہ پاناما کیس کے فیصلے کے کچھ عرصے بعد علاج کی غرض سے لندن چلے گئے تھے جس کے بعد وطن واپس نہیں آئے۔سپریم کورٹ کی ہدایت پر حکومت کی جانب سے ان کے اور اہلیہ کے پاسپورٹ منسوخ کردیے گئے ہیں اور وہ بغیر پاسپورٹ کے برطانیہ میں رہ رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *