جسٹس عظمت سعید شیخ نے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھالیا

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)سپریم کورٹ کے جسٹس شیخ عظمت سعید نے قائم مقام چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔حلف برداری کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں سپریم کورٹ کے ججز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔عدالت عظمیٰ کے جسٹس عمر عطا بندیال نے جسٹس شیخ عظمت سعید سے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف لیا۔
خیال رہے کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس گلزار احمد کے روس کے سرکاری دورے پر جانے کے باعث قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر جسٹس شیخ عظمت سعید تمام امور دیکھیں گے۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس گلزار احمد 10ویں عالمی جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔یہ کانفرنس روس کے دارالحکومت ماسکو میں 31 جولائی سے 3 اگست تک جاری رہے گی اور اس میں شرکت کے لیے روس کے فیڈرل بیلف سروس کے سربراہ نے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو دعوت دی تھی۔
اس سے قبل مئی میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے 7 روزہ سرکاری دورہ روس کے موقع پر جسٹس گلزار احمد نے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا تھا۔
خیال رہے کہ ملک میں چیف جسٹس پاکستان کی غیرموجودگی میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض انجام دیتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *