ملک بھر میں بارشیں اور سیلابی ریلے،گندم سمیت ہزاروں ایکڑ فصل تباہ

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) بارش،ژالہ باری، آندھی، طوفان اور سیلابی ریلوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا رکھی ہے۔ پہاڑی سلسلے میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے جس سے درجنوں دیہات زیر آب آ گئے ۔ سندھ ، پنجاب ،بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں گندم سمیت ہزاروں ایکڑ فصل بھی تباہ ہو گئی ہے۔صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور میں ریسکیو آپریشن کے ذریعے محصور آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں 5 ریلیف کیمپ بھی قائم کیے ہیں۔فلڈ کنٹرول روم کے مطابق ضلع راجن پورکے برساتی نالے کاہا سلطان میں 6 ہزار ، چھاچھر میں 5 ہزار اور71 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ پل پٹھان سے گز رہا ہے۔شدید موسمی صورتحال کے سبب گندم و مکئی کی فصل کو نقصان پہنچا ہے۔پنجاب کےصوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہاہے کہ ژالہ باری اور شدید بارشوں سے گندم و مکئی کی فصل پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔انسان قدرت کے سامنے بے بس ہے۔ ناگہانی نقصان پر بہت دکھ ہے۔صوبائی وزیرزراعت نے کہا جن زمیندار اور کسان بھائیوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ان کی پریشانی کا احساس ہے۔آزمائش کے باوجود ہدف کے قریب قریب پہنچنے کی کوشش کریں گے۔ابتدائی اندازے کے مطابق35 ہزار ایکڑ اراضی پرگندم مکئی چارہ کی فصل کا نقصان ہوا ہے۔ ملک نعمان لنگڑیال نے کہا ڈزاسٹر مینجمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے سروے اور رپورٹ کی روشنی میں متاثرہ کسانوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔سیالکوٹ، گوجرانوالہ ، بھیرہ، چنیوٹ اور سانگلہ ہل سمیت متعدد علاقوں میں بارش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بعض علاقوں میں فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے۔پنجاب کے صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے بھی ایک ہی دن میں قصور، ملتان اور بہاول پور کا دورہ کیا ہے ۔ انہوں نے بارشوں کے باوجود مختلف علاقوں میں فصلوں کا معائنہ کرنے کے ساتھ کسانوں سے ملاقات بھی کی ہے۔صوبائی وزیر خوراک نے محکمہ خوراک کے افسران کو گندم کے موجودہ اسٹاک کی تفصیلات پیش کرنے اورگندم کے موجودہ اسٹاک کو ہر صورت بارشوں سے محفوظ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔صوبائی وزیر خوراک نے کہا گندم کی فصل کو نقصان کے پیش نظر آئندہ سال آٹے کی قلت پیدا نہ ہونے دی جائے۔کسی سنٹر میں گندم کو نقصان پہنچا تو متعلقہ افسران سے سختی سے نمٹا جائے گا۔آفت کی اس گھڑی میں کسان بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب تمام صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں محکمہ خوراک کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ پوری قوم سے اپیل ہے کہ اللہ کے حضور رحمت اور آسانیوں کی دعا کریں۔ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں سے پیش آنے والے حادثات میں کئی افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ اوکاڑہ میں مکان کی چھت گرنے سے تین بچیاں جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہو گئے۔محکمہ موسمیات نے ملک کے طول و عرض میں مزید 48 گھنٹوں تک بارشوں اور طوفانی ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے مراسلہ جاری کیا ہے کہ برسات اور طوفانی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوچکا ہے۔ آئندہ 48 کے دوران 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔بدھ کے روز پنجاب، کشمیر اور خیبرپختونخوا میں متعدد مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آج گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *