احتساب عدالت کا شاہد خاقان عباسی کو پیرول پر رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کو پیرول پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے، سابق وزیراعظم کے چچا انتقال کر گئے جن کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے عدالت نے اجازت دی۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو چچا کی نمازجنازہ میں شرکت کیلئے دائر درخواست پر سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی، فاضل جج نے استفسار کیا کہ نماز جنازہ کہاں ہونی ہے جس پر انہیں آگاہ کیا گیا کہ نماز جنازہ مری میں ادا کی جائے گی۔ نیب پراسیکیوٹر نے شاہد خاقان عباسی کی پیرول پر رہائی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں پیرول پر رہائی نہیں دی جا سکتی، انہوں نے کہا کہ نیب قانون کے مطابق بھی کسی ملزم کو اس طرح کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
درخواست گزار سعدیہ عباسی نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پردرخواست دائر کی ہے، خدانخواستہ روزانہ ایسی درخواست نہیں کی جاتی، شاہد عباسی 60 دن سے زیادہ وقت سے جسمانی ریمانڈ پر ہیں،اتنے دن بعد اب مزید کیا تفتیش ہونی ہے۔ عدالت نے طرفین کے دلائل سننے کے بعد شاہد خاقان عباسی کو پیرول پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *