پی ایس ایل اختتامی تقریب، نیوزی لینڈ شہدا کیلئے ایک منٹ کی خاموشی

پی ایس ایل 4 کی رنگا رنگ اختتامی تقریب نے کرکٹ میلے کویادگار بنادیا
کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) پی ایس ایل سیزن 4 کی رنگا رنگ اختتامی تقریب نے کرکٹ کے میلے کو مزید یادگار بنادیا۔ پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور، وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔اختتامی تقریب میں نیوزی لینڈ میں شہید پاکستانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ سانحہ نیوزی لینڈ کے لواحقین کو صبر دے۔ انہوں نے کہا کہ دو سال پہلے وعدہ کیا تھا پی ایس ایل کراچی لائیں گے۔ انشا اللہ جلد پاکستان میں عالمی کرکٹ بھی بحال ہوگی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم جیتے پاکستان کی ہی جیت ہوگی۔ ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پولیس، رینجرز اور مسلح افواج مبارکباد کی مستحق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں کا بھی میں بہت شکر گزار ہوں۔ امید ہے کہ اگلے سال کراچی، حیدر آباد، ملتان، کوئٹہ اور راولپنڈی میں بھی میچز ہوں گے۔ مراد علی شاہ نے اس موقع پر پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے۔اس موقع پر چیئرمین پی سبی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں نے پی ایس ایل کو بہت سپورٹ کیا۔ سب سے بڑا انعام کراچی شائقین کو ملنا چاہیے۔ آج کراچی کے لیے تاریخی دن ہے۔ کراچی سٹیڈیم میں 28 ہزار سے زائد شائقین موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ٹیم بہتر کھیلے گی ٹرافی لے کر جائے گی۔پی ایس ایل سیزن 4 کی رنگا رنگ اختتامی تقریب میں گلوکاروں نے اپنی جاندار پرفارمنس پیش کرکے شائقین کرکٹ کے دل موہ لیے۔ پنجابی بھنگڑا کی پہچان ابرارالحق نے اپنا گانا ’ نچ مجاجن‘ پیش کرکے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کردیا۔نوجوان گلوکارہ آئمہ بیگ نے ’دوستی‘ پیش کیا تو شائقین کا جذبہ بڑھ گیا۔اداکار و گلوکار فواد خان نے پی ایس ایل کا اینتھم گا یا تو سٹیڈیم میں موجود حاضرین اپنی نشستوں سے اٹھ کر جھومتے نظر آئے۔فواد خان کی پرفارمنس کے اختتام پر لالی ووڈ فلم ’ دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی کاسٹ بھی اسٹیج پر آئی ۔ان کے ساتھ سپین سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل فٹبال سٹار کارلوس پیول بھی سٹیج پر آئے اور انہوں نے پاکستان کے بارے میں انتہائی مثبت خیالات کا اظہار کیا۔سٹیج پر لیجنڈری جنون گروپ نے اپنی پرفارمنس پیش کی تو پیروجواں تھرکنے لگے۔ علی عظمت اور سلمان حسن نے نوجوانوں کو اقبال کی خودی کا پیغام دیاتو سٹیڈیم میں ’دل دل پاکستان جاں جاں پاکستان ‘کی آواز گونجنے لگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *