ایل این جی کیس: نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا

لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن) نیب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق نیب نے شاہد خاقان عباسی کو آج ایل این جی کیس میں طلب کررکھا تھا لیکن انہوں نے آج نیب میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔
شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی پریس کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں احسن اقبال کے ساتھ لاہور جارہے تھے، نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور جاتے ہوئے ٹول پلازہ پر روکا جہاں نیب حکام انہیں ٹھوکر نیاز بیگ سے گرفتار کرکے ساتھ لے گئے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔
یاد رہے ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی نے آج نیب پنڈی میں پیش ہونے سے معذرت کی تھی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان کی جانب سے نیب کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پیشی کے لیے تیار ہوں، مناسب وقت دیا جائے، پیشی کے لیے 3 دن کا وقت درکار ہے، نیب آفس طلبی کا خط گزشتہ روز موصول ہوا، صرف ایک دن کے نوٹس پر پیشی ممکن نہیں۔
واضح رہے نیب پنڈی نے ایل این جی سکینڈل میں باقاعدہ تحقیقات میں شاہد خاقان عباسی کو آج پہلی بار طلب کیا تھا۔ نیب نوٹس کے مطابق شاہد خاقان عباسی ایل این جی کیس کی اہم معلومات رکھتے ہیں، ایل این جی ٹرمینل کے غیر قانونی ٹھیکے سے خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، انکوائری کے دوران شاہد خاقان عباسی تین مرتبہ نیب ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *